14 یا 15 مارچ کو ہوسکتا ہے لوک سبھا انتخابات کا اعلان، سات مرحلوں میں ووٹنگ ہونے کی توقع
نئی دہلی، 5/مارچ (ایس او نیوز/ایجنسی) الیکشن کمیشن 14-15 مارچ کو لوک سبھا انتخابات کا اعلان کر سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق 2019 کے لوک سبھا انتخابات کی طرز پر اس بار بھی انتخابات صرف 7 مرحلوں میں کرائے جا سکتے ہیں۔
خبر ہے کہ پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ اپریل کے دوسرے ہفتے میں ہو سکتی ہے۔ الیکشن کمیشن جلد ہی لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کو لے کر پریس کانفرنس کر سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اگلے ہفتے کسی بھی دن لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر سکتا ہے۔ اس وقت کمیشن عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے کئی ریاستوں کے دورے پر ہے۔ کمیشن تمام ریاستوں میں تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد ہی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی ٹیم اس وقت مغربی بنگال میں ہے۔ اس کے بعد ٹیم اتر پردیش اور پھر جموں و کشمیر کا دورہ کرے گی۔ معلومات کے مطابق الیکشن آفیسر 13 مارچ تک اپنا دورہ مکمل کریں گے۔ اس دوران الیکشن کمیشن تمام ریاستوں کے چیف الیکٹورل افسران کے ساتھ مسلسل میٹنگیں کر رہا ہے۔