چامنڈی پہاڑ پر زمین کھسکنے کے واقعات: نندی مجسمے کے راستے کو پیدل چلنے والے راستہ میں تبدیل کرنے اپیل
میسورو، 2؍ دسمبر (ایس او نیوز) گزشتہ چند دنوں سے میسورو ضلع میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے میسور کے قریب واقع چامنڈی پہاڑ پر زمین کھسکنے کے واقعات پیش آرہے ہیں جس کی وجہ سے پہاڑ پر واقع چامنڈیشوری دیوی کے درشن کو پہنچنے والے زائرین کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس لئے اس راستے کی مرمت کیلئے مقامی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرس کے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دے کر اس راستے کی مرمت کیلئے صلاح و مشورہ دینے کی ذمہ داری گئی تھی۔ تمام حالات کا سنجیدگی کے ساتھ جائزہ لینے کے بعد ماہرین کی کمیٹی نے میسور ضلع انتظامیہ کو اپنی سفارشات پیش کی ہیں جس میں چامنڈی پہاڑ پر واقع نندی مجسمے تک پہنچنے کے راستے کوصرف پیدل چل کر پہنچنے والوں کے راستہ میں تبدیل کردینا چاہئے کیونکہ نندی مجسمے تک پہنچنے کیلئے متبادل راستہ موجود ہے۔ اس لئے زمین کھسکے جانے کی وجہ سے خستہ حالت میں موجود راستے کو بہت ہی کم خرچ میں مرمت کرکے صرف پیدل چل کر نندی مجسمے تک پہنچنے والوں کیلئے مخصوص کردینے کی سفارش کی گئی ہے۔ اپنی سفارشات بروز چہارشنبہ میسور ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو پیش کرنے کے بعد ماہرین کمیٹی کے اراکین نے اپنے خیالوں کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ سیڑھیوں پر چڑھ کر نندی مجسمے کو پہنچنے کے راستے کے علاوہ زمین کھسکنے کی وجہ سے خستہ حالت میں موجود راستے کو بھی صرف پیدل چل کر نندی مجسمے تک پہنچنے والوں کیلئے مخصوص کردینا ہی سب سے بہترین حل ہے۔ ماہرین کمیٹی میں شامل اراکین ڈاکٹر یس جی ومبٹ کیرے، (ریٹائرڈ میجر جنرل) یم لکشمن، بی یس پربھاکرا، ہچ یس سریش بابو، ہچ کشور چندرا، اور یم کے ننجیا نے 19نومبر کو محکمہ تعمیر عامہ کے افسروں کے ہمراہ چامنڈی پہنچ کر اس خستہ حالت میں موجود راستے کا تفصیل سے معائنہ کیا۔