کمٹہ 3/جولائی (ایس او نیوز) یہاں بحر عرب میں مچھلیوں کو جال میں پھنساکر شکار کرنے کے دوران ماہی گیر خود اپنی ہی جال میں پھنس کر ہلاک ہونے کی واردات پیش آئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کمٹہ تعلقہ کے ہینی کاگل میں احمد مُلا بحر عرب میں سمندر کے بیچوں بیچ جال ڈال کر مچھلیوں کا شکار کررہا تھا کہ اچانک اس کا توازن بگڑا اور وہ سمندر میں جاگرا، بتایا گیا ہے کہ اس دوران وہ مچھلیوں کے لئے بچھائے گئے جال میں خود پھنس گیا، جس سے باہر نکلنا اُس کے لئے دشوار ہوگیا اور اسی کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔ یہ حادثہ آج منگل صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سمندری موجوں میں کافی اُچھال کی وجہ سے ماہی گیر کو بچنے کا موقع نہ مل سکا اور وہ سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا۔
کمٹہ پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔