کے جی لے آؤٹ مستفدین کو کاویری پانی کے لئے انتظار کرنا ہوگا
بنگلورو،24؍جون(ایس او نیوز) ناڈا پربھو کیمپے گوڈا لے آؤٹ میں جن لوگوں نے زمینات خریدے ہیں انہیں بنیادی ضروریات جیسے کاویری پانی کا رابطہ اور گندے پانی اور فضلات کی نکاسی کا نظام حاصل کرنے کے لئے کم از کم ایک سال کا انتظار کرنا پڑے گا- بنگلور شہر کے مغربی مضافات میں مذکورہ رہائشی کالونی کو ترقی دینے والی بنگلور ترقیاتی انتظامیہ (بی ڈی اے) نے کے جی لے آؤٹ کے لئے جولائی 2020 تک چار مختلف مرحلوں میں کاویری پانی کی سربراہی کے ایک منصوبہ کو 1,250 کروڑ روپئے کی لاگت سے منظوری دیدی ہے-بی ڈی اے کے چیر مین ایس ٹی سوما شیکھر نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ”ہم نے ارکاوتی لے آؤٹ پر تمام کاموں کو مکمل کر لیا ہے اور اب ایل اینڈ ٹی کے اشتراک سے کیمپے گوڈا لے آؤٹ کے کام کو اختیار کر رہے ہیں، یہاں کام کافی تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہے“- مگر منصوبہ کے مطابق اس کی تکمیل جولائی 2020 ہی میں ہوگی جب تک مستفدین کو انتظار ہی کرنا پڑے گا حالانکہ جن بینکوں سے ان مستفدین نے قرضہ حاصل کیا ہوا ہے انہوں نے ان مستفدین کے نام تعمیرات کے سلسلہ میں نوٹسیں جاری کر دئے ہیں، جس کی وجہ سے بلدیہ کے کاموں کی تاخیر نے ان لوگوں کو پریشان کیا ہوا ہے-