کرناٹک میں اسکولی نصاب کی کتاب سے بھگت سنگھ پر سبق حذف؛ عام آدمی پارٹی نے کہا؛ یہ عظیم مجاہد آزادی کی طرف سے دی گئی قربانیوں کی توہین ہے
بنگلورو، 19؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) کرناٹک میں اسکولی نصاب کی ایک کتاب سے بھگت سنگھ کے بارے میں سبق کو حذف کیے جانے پر بی جے پی حکومت کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نےکہا کہ یہ عظیم مجاہد آزادی کی جانب سے دی گئی قربانیوں کی توہین ہے۔ انہوں نے فیصلہ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر نے ٹوئٹر پر کہا کہ ملک اپنے شہیدوں کی ایسی توہین کو برداشت نہیں کرے گا انہوں نے بی جے پی سے سوال کیا کہ اس کے لوگ بھگت سنگھ سے اتنی نفرت کیوں کرتے ہیں۔
بعض تنظیموں بشمول آل انڈیا ڈیموکریٹک اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (ایڈسو) اور آل انڈیا سیو ایجوکیشن کمیٹی (اے آئی ایس ای سی) نے کل دعویٰ کیا تھا کہ حکومت کرناٹک نے مجاہد آزادی بھگت سنگھ پر ایک سبق کو حذف کرتے ہوئے دسویں جماعت کی نئی نصابی کتاب میں آر ایس ایس کے بانی کیشو بلی رام ہیگڈے وار کی ایک تقریر شامل کی ہے۔
کجریوال نے ٹوئٹ کیا کہ بی جے پی کے لوگ امر شہید سردار بھگت سنگھ جی سے اتنی نفرت کیوں کرتے ہیں۔ اسکولی کتاب سے بھگت سنگھ جی کا نام نکالا جانا امر شہید کی توہین ہے۔ یہ ملک اپنے شہیدوں کی ایسی توہین برداشت نہیں کرے گا۔ بی جے پی حکومت کو یہ فیصلہ واپس لینا ہوگا۔
عام آدمی پارٹی نے کنڑا زبان کی اسکولی کتاب سے بھگت سنگھ پر سبق کو حذف کیے جانے کو شرمناک قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ حکومت کرناٹک اس سبق کو دوبارہ اسکولی کتاب میں شامل کرے۔