بنگلورو،31؍جولائی(ایس او نیوز؍ یواین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور چھ بار کے رکن اسمبلی رہے وشویشور ہیگڈے کاگیری کو آج بدھ کے روز اتفاق رائے سے کرناٹک اسمبلی کا اسپیکر منتخب کرلیا گیا۔
وزیراعلی بی ایس یدی یورپا نے اسمبلی اسپیکر کے لئے وشویشور کاگیری کے نام کی تجویز دی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن بسوراج بومئی نے اس کی حمایت کی۔ اپوزیشن کانگریس اور جنتادل (ایس) نے اس عہدے کے لئے کسی امیدوار کا نام تجویز نہیں کیا جس کی وجہ سے کاگیری کو اتفاق رائے سے اسپیکر منتخب کرلیا گیا۔
ڈپٹی اسپیکر کرشنا ریڈی نے وشیشور کاگیری کی امیدواری تجویز ایوان میں رکھی جو بغیر کسی مخالفت کے پاس ہوگئی۔ وشویشور کاگیری کو یدی یورپا اور اپوزیشن کے لیڈر اور کانگریس کے رکن سدارمیا اسپیکر کی کرسی تک لےگئے۔
یدی یورپا نے کہا کہ پارٹی کے سب سے سینئر ارکان اسمبلی میں سے ایک وشویشور کاگیری کے تجربے سے ایوان کو فائدہ ہوگا۔ سدارمیا نے بھی وشیشور کاگیری کے اسپیکر منتخب ہونے کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ منصفانہ طریقے سے ایوان کی کارروائی چلائیں گے۔
سابق اسمبلی اسپیکر کے آر رمیش کمار، بی جے پی لیڈر کے ایس ایشورپا، سابق وزیراعلی جگدیش شیٹر اور جے ڈی (ایس) کے رکن کے اور سابق وزیر اعلیٰ کمارسوامی سمیت کئی لیڈروں نے ایوان کی کارروائی بہترین انداز سے چلانے کے لئے ہرممکن تعاون دینے کا وعدہ کیا۔