دھارواڑ،21؍مئی (ایس او نیوز)شہر دھارواڑ سے بارہ کلومیٹر دور باڈ کراس پر ایک تیز رفتارکار درخت سے ٹکرانے کے نتیجے میں کار پر سوار تین بچوں سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے۔ جبکہ تیرہ دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ سنیچر کی اولین ساعتوں میں قریب تین بجے پیش آیا۔
ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں چار افراد کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ تین زخمیوں نے ہبلی کے کیمس اسپتال پہنچنے کے بعد دم توڑ دیا۔ زخمیوں میں دو کی حالت ابھی بھی نازک بتائی گئی ہے۔
پولیس نے بتایاکہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب یہ سبھی افراد منگنی کی تقریب میں شریک ہونے کے بعد واپس اپنے گاوں بینکٹی لوٹ رہے تھے۔ پولس کے مطابق ایک ہی گاڑی کے اندر بیس لوگ سفر کررہے تھے، اوور لوڈنگ اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا ہوگا۔ نیند کے غلبے سے بھی حادثہ پیش آنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے
حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت اننیا (14)، ہریش (13)، مہیشور (11)، شلپا (34)، نیلوا (60)، مدھوشری (20) اور شمبھو لنگیا (35) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
دھارواڑ مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔