بنگلورو،4؍جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) کرناٹک اگزامنیشن اتھاریٹی (کے ای اے) نے آج اعلان کیا کہ حجاب پوش طالبات کو پروفیشنل کورسس میں داخلوں کے لیے سی ای ٹی امتحان تحریر کرنے امتحان ہال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ امتحان ہال میں داخل ہونے سے پہلے طالبات کو حجاب نکالنا پڑے گا۔ کے ای اے نے اس بات کی بھی وضاحت کی ہے کہ ایسا کوئی بھی کپڑا یا لباس جس سے مذہبی علامات ظاہر ہوتی ہوں، پہننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سی ای ٹی امتحان ایس ایس ایل سی (دسویں جماعت) اور II پی یو سی امتحان کی طرز پر 16، 17 اور 18 جون کو منعقد کیا جائے گا۔ طلبہ سے کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ یونیفارمس کے ساتھ سی ای ٹی امتحان میں شرکت کریں۔
پی ایس آئی امتحانات کے بدعنوانیوں کے الزامات کے پس منظر میں حکام نے منصفانہ تحقیقات کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سی ای ٹی امتحان میں شرکت کرنے والی طالبات کو منگل سوتر، ناک کی بالی، کان کی بالی، گولڈ چین، چوڑیاں اور دیگر طلائی زیورات پہننے کی اجازت نہیں ہوگی۔
طلبہ سے کہا گیا ہے کہ وہ گھڑیاں، کیلکولیٹر اور کوئی الیکٹرانک آلہ اپنے ساتھ نہ لائیں۔ امتحانات نیٹ اگزام کے طرز پر منعقد کیے جائیں گے اور اگزام ہالس میں جامرس اور میٹل ڈیٹٹکٹرس نصب کیے گئے ہیں۔ تقریباً 2.11 لاکھ طلبہ بشمول 1.4 لاکھ لڑکے اور 1.7 لاکھ لڑکیوں نے سی ای ٹی امتحانات کے لیے نام درج کرائے ہیں۔