کرناٹک کے وزیر صحت سری راملو نے خود اُڑائی سوشل ڈسٹنسنگ کی دھجیاں؛ بغیر ماسک پہنے سینکڑوں لوگوں کے ساتھ لیا جلوس میں حصہ
چترادرگہ،2؍جون(ایس او نیوز) کرناٹک کے وزیر صحت بی سری راملو کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آیا ہے جس میں وہ ایک جلوس میں شامل سینکڑوں لوگوں کے جھُنڈ کے ساتھ گذرتے نظر آ رہے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس جلوس میں وزیر موصوف نے نہ خود ماسک پہنا ہے اور نہ ہی اس کے ساتھیوں کے چہرے پر ماسک نظر آرہے ہیں، دوسروں کو سوشل ڈسٹنسنگ کی تاکید کرنے اور عوام کو کورونا وائرس وباء سے بیدار کرنے کو چھوڑ کر اس وڈیو میں وہ خود ہی اس کی دھجیاں اُڑاتے دیکھے گئے ہیں۔
وڈیو سامنے آنے کے بعد عوام سوال اُٹھارہے ہیں کہ کیا سوشیل ڈیسٹنسنگ اور ماسک پہننا صرف عوام کے لئے ضروری ہے اور کیا وزیر اس سے مستشنیٰ ہیں ؟
خیال رہے کہ ریاست کرناٹک میں کورونا کے معاملات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، اب تک چار ہزار سے زائد لوگوں میں کورونا کے اثرات پائے گئے ہیں جن میں سے 53 کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔