کمارسوامی کو فورا استعفیٰ دیناچاہیے: یدی یورپا
بنگلورو، 14 جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بی جے پی کی کرناٹک یونٹ کے صدر بی ایس یدی یورپا نے اتوار کو کہا کہ ریاست میں مخلوط حکومت اکثریت کھو چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلی ایچ ڈی کمارسوامی کو فورا استعفیٰ دینا چاہیے یا انہیں پیر کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا چاہئے۔ یدی یورپا نے کہاکہ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ اگر وزیر اعلی ایماندار ہیں اور جمہوری نظام کی پاسداری کرتے ہیں تو انہیں فوری طور پر استعفی دے دینا چاہیے یا پیر کو اعتماد کے ووٹ کے لئے ایک تجویز منظور کرنا چاہئے۔بی جے پی لیڈر نے کہا کہ جنتا دل (ایس) اور کانگریس کے 16 ممبران اسمبلی نے استعفی دے دیا ہے اور دو آزاد اراکین اسمبلی نے بھی حکومت سے حمایت واپس لے لیا ہے اور بی جے پی کو اپنی حمایت دی ہے۔انہوں نے کہاکہ کمارسوامی اکثریت کھو چکے ہیں۔اس لیے انہیں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا چاہئے یا فوری طور استعفیٰ دیناچاہیے۔پیر کو کمیٹی کے اجلاس میں میں کمارسوامی کو ایسا کرنے کا ہی مشورہ دوں گا اور بحث کروں گا۔ذرائع کے مطابق کمیٹی کی جمعہ کو ہوئی میٹنگ میں کمارسوامی نے بدھ کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کی تجویز دی تھی۔حالانکہ کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا تھا کیونکہ اہم اپوزیشن پارٹی بی جے پی نے اجلاس میں حصہ نہیں لیا تھا۔