ریاست کی مخلوط حکومت مستحکم: کرشنا بائرے گوڈا
بنگلورو،26/مئی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے دیہی ترقیات کرشنا بائرے گوڈا نے کہا ہے کہ ریاست کی کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت مضبوط اور مستحکم ہے۔ دونوں پارٹیوں کے درمیان اگر کوئی مسئلہ ہے تو اسے بات چیت کے ذریعے سلجھالیا جائے گا لیکن کسی بھی حال میں حکومت گرنے نہیں دیا جائے گا۔ اخبار ی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مخلوط حکومت میں شامل کانگریس جے ڈی ایس میں اگر کوئی اختلاف پیدا ہوتاہے تو اسے آپسی بات چیت کے ذریعے سلجھالیا جائے گا۔ مخلوط حکومت کی رابطہ کمیٹی کے چیرمین سدرامیا وزیراعلیٰ کمار سوامی، سابق وزیراعظم دیوے گوڈااور دیگر سرکردہ رہنما اس بات کے لئے کوشاں ہیں کہ ریاست کا اقتدار سکیولر اتحاد کے پاس ہی رہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ یقین ظاہر کیا کہ کوئی بھی رکن اسمبلی پارٹی کی وفاداری نہیں بدلے کا بی جے پی کی طرف سے اقتدار پر قبضے کے لئے شروع کئے گئے آپریشن کمل کے کامیاب ہونے کے امکانات کو بھی انہوں نے یکسر مسترد کردیا۔انہوں نے کہاکہ کانگریس اعلیٰ کمان کی طرف سے پہلے ہی تمام کانگریسی قائدین اور وزراء کو سخت ہدایت دی گئی ہے کہ مخلوط حکومت کے خلاف برسر عام کوئی بیان بازی نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ لوک سبھاانتخابات میں کانگریس اور جے ڈی ایس کی ناکامی کے لئے دونوں پارٹیوں کو اپنے اپنے طور پر گہرا محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے۔ شکست کھانے کے بعد اس کے لئے کسی کو مورد الزام ٹھہرانااور انہیں نشانہ بنانا درست نہیں ہے۔