بنگلورو۔10/مئی(ایس او نیوز) ریاست میں خشک سالی کی صورتحال کا وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی 15مئی کو تمام اضلاع کے انتظامیہ کے ساتھ جائزہ لیں گے۔اس کے لئے 15مئی کو اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں، ضلع پنچایتوں کے چیف ایگزی کیٹیو افسرو ں اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ کمار سوامی ویڈیو کانفرنس کے ذریعے مذاکرہ کریں گے۔
اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ خشک سالی سے نپٹنے کے لئے اب تک جو بھی پیش رفت کی گئی ہے اس کی تفصیل ویڈیو کانفرنس کے دوران پیش کی جائے۔ بتایاجاتا ہے کہ اس ویڈیو کانفرنس کے مرحلے میں تمام ضلع انچارج وزراء کے علاوہ بعض سینئر اراکین اسمبلی بھی موجود رہیں گے۔ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی کی سربراہی، جانوروں کے لئے چارے اور روزگار ضمانت اسکیم کے تحت روزگار کی فراہمی کے نکات زیر بحث آئیں گے۔ ریاست میں قبل ازمانسون بارشوں کی ناکامی کے پیش نظر ریاستی حکومت کی طرف سے خشک سالی کی صورتحال کا میٹنگ میں تفصیلی جائزہ متوقع ہے۔اس کے بعد یہ بھی طے کیا جائے گا کہ ریاست کے کتنے تعلقہ جات رواں سال خشک سالی کی لپیٹ میں ہیں۔ اس سلسلے تیار ہونے والی رپورٹ کی بنیاد پر مرکزی حکومت سے امداد کا تقاضہ کیا جائے گا۔