غزہ:18/نومبر (ایس او نیوز) جنوبی غزہ کے خان یونس علاقے کی دو رہائشی عمارتوں پر اسرائیل کے ذریعے برسائی گئی بمباری سے متعدد بچوں سمیت 28 فلسطینی شہید ہوگئے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے خان یونس کے علاقے میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ بمباری میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں بعض کی حالت نازک ہے۔
غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے میں اسرائیلی طیاروں نے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی الفلاح اسکول پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں 20 پناہ گزین شہید ہوگئے جبکہ الوفا اسپتال پر بمباری سے ڈائرکٹر شہید ہوگیا اور متعدد ڈاکٹرز زخمی ہوئے۔
الجزیرہ کے مطابق خاص طور پر حماد کے رہائشی محلے میں ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 28 ہے، لیکن درجنوں زخمی بھی ہوئے ہیں اور درجنوں اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں ۔
یاد رہے کہ اسرائیل کی غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری بمباری اور حملوں میں شہید فلسطینوں کی تعداد 12 ہزار سے زائد ہوگئی ہے اور زخمیوں کی تعداد 30 ہزار ہے۔ شہیدا اور زخمیوں میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔