بنگلورومیں کاروباری گروپ پر چھاپہ، 100کروڑ کی غیراعلانیہ آمدنی کا انکشاف
بنگلورو،12؍اکتوبر(ایس او نیوز؍یو این آئی) ریاست کرناٹک کے بنگلورو میں انکم ٹیکس محکمہ نے تعلیمی ادارے چلانے والے ایک کاروباری گروپ کے یہاں کئی کمپلکسوں پر چھاپے مارے جس میں تقریباََ 100 کروڑ روپے کی غیراعلانیہ آمدنی کے ثبوت ملنے کے ساتھ ہی 8.82 کروڑ روپے کی غیر اعلان شدہ املاک ضبط کی گئی ہے۔
انکم ٹیکس محکمہ نے جمعہ کو یہاں جاری بیان میں یہ اطلاع دیتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 9اکتوبر کو یہ چھاپہ مارا گیا تھا۔ اس تنظیم کے ذریعہ 185سیٹوں پر اوسطاََ پچاس لاکھ روپے سے لیکر65لاکھ روپے تک کا ڈونیش لینے کے بھی ثبوت ملے ہیں۔ میڈیکل کالج چلانے والے اس گروپ نے تعلیمی شعبہ سے آئے پیسہ کو ریئل اسٹیٹ میں بھی لگایا ہے۔
جانچ کے دوران یہ بھی پتہ چلا کہ اس گروپ نے حوالہ کے ذریعہ پیسہ ریلٹی کاروبار میں لگایا ہے۔ گروپ کے احاطوں سے اب تک 4.22کروڑ روپے کی ؎غیراعلانیہ نقدی برامد ہوئی ہے جس میں اس کے چیف ٹرسٹی کے یہاں سے ملے 89لاکھ روپے بھی شامل ہیں۔ اس معاملہ کی جانچ ابھی جاری ہے۔