ششی تھرور نے کہا، کانگریس میں ورکنگ کمیٹی سمیت زیادہ تر عہدوں کے لیے انتخابات ضروری
نئی دہلی،10ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) کانگریس کے سینئر لیڈر ششی تھرور نے کہا ہے کہ ورکنگ کمیٹی سمیت پارٹی میں زیادہ تر عہدوں کے لیے انتخابات ضروری ہیں۔انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی کی قیادت میں جلد ہی پارٹی کے اندرانتخابات کاعمل شروع ہو جائے گا۔تھرور نے کہاکہ میں نے کئی بار کہا ہے کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی سمیت قیادت کے زیادہ تر عہدے کے لئے کارکنوں کے درمیان انتخابات ضروری ہیں۔ان کی نئی کتاب ’دی ہندو وے:این انٹروڈکسن ٹو ہندوازم‘جلد ہی آنے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی میں اندرونی انتخابات سے مستقبل کے رہنماؤں کو کامیابی کے ساتھ کام کرنے میں مدد ملے گی اور پارٹی کے اندر نئی توانائی پیدا ہوگی۔ تھرور نے کہاکہ اس لیے میں امید کرتا ہوں کہ انتخابات جلد ہوں گے اور مجھے یقین ہے کہ سونیا گاندھی کی قیادت میں پارٹی اس سمت میں کام کریں گی۔وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں جے رام رمیش کے بیان کی حمایت کرنے کے تناظر میں پوچھے جانے پر کانگریس ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ وہ ایسا کہنے والے پہلے شخص ہیں کہ مودی حکومت میں بہت ساری چیزیں ایسی نہیں ہیں جنہیں مثبت طور پر دیکھا جائے۔انہوں نے کہاکہ مودی اس الیکشن میں ووٹ فیصد کو 31 سے بڑھا کر 37 کرنے میں کامیاب رہے ہیں اور جب کانگریس کا ووٹ فیصد 19 فیصد ہی رہا تو ہمیں یہ سمجھنے کی کوشش کرنا ضروری ہے کہ ایسا کیوں ہوا۔