ایک ہی ویزا پر گلف کے مختلف ممالک کی سیر کرنا اب ہوگا ممکن؛ خلیجی کونسل نے مشترکہ سیاحتی ویزے کو دی منظوری

مسقط ۔9نومبر (ایس او نیوز/اے پی پی): گلف کوآپریشن کونسل (جی سی سی) میں شامل ممالک کے وزرائے داخلہ نے مسقط میں منعقدہ اجلاس میں گلف کے مختلف ممالک کے لئے مشترکہ سیاحتی ویزے کی منظوری دے دی ہے۔ الاقتصادیہ کی رپورٹ کے مطابق جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم البدیوی نےبتایا کہ مسقط میں عمانی وزیر داخلہ کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں جی سی سی وزرائے داخلہ نے مشترکہ سیاحتی ویزے کی منظوری دے دی ہے، انہوں نے بتایا کہ مشترکہ خلیجی سیاحتی ویزا جی سی سی کا پہلا قدم ہے۔
رپورٹ کے مطابق اجلاس میں سعودی عرب کی نمائندگی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے کی۔ اجلاس میں ٹریفک کی خلاف ورزیوں کو آن لائن سسٹم پر لانے کے حوالے سے گرین سگنل دیا گیا ہے ،خلیجی ممالک پہلے مرحلے میں ٹریفک کی خلاف ورزیوں کا ریکارڈ آن لائن شروع کیا جائے گا۔ اجلاس میں اہم سیکیورٹی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ساتھ ساتھ منشیات کے انسداد کے لیے جامع خلیجی حکمت عملی کی تیاری اور سیکیورٹی آگہی مہم کے موضوعات بھی میٹنگ میں سرفہرست رہے۔
واضح رہے کہ مشترکہ ویزے پر تمام خلیجی ممالک کا دورہ کیا جاسکے گا اور اس سے دنیا بھر کے سیاح زیادہ سے زیادہ تعداد میں خلیجی ممالک کی سیاحت کرسکیں گے۔جی سی سی کے رکن ممالک میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، عمان اور قطر شامل ہیں ۔ اس مناسبت سے ایک ہی ٹورسٹ ویزا پر مسافر ان تمام چھ ممالک کا سفر کرسکے گا۔ بتایا گیا ہے کہ اس مشترکہ ویزا کے قانون کا اطلاق اگلے سال 2024۔25 میں ہوگا۔