برگشتہ اراکین کانگریس پارٹی نہیں چھوڑیں گے: جی پرمیشور
بنگلورو،28/مئی(ایس او نیوز) نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہا ہے کہ ریاست میں کوئی برگشتہ رکن اسمبلی کانگریس پارٹی نہیں چھوڑے گا اور مخلوط حکومت بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے پانچ سال پورے کرے گی۔ آج شہر میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کرنے کے بعد اخبار ی نمائندوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ گوکاک کے رکن اسمبلی رمیش جارکی ہولی کیا فیصلہ لیں گے، اس کا علم انہیں نہیں ہے البتہ باقی تمام برگشتہ اراکین اسمبلی کو منانے میں کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کے قائدین نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔ کل سابق وزیر اعلیٰ ایس ایم کرشنا کی رہائش گاہ پر بعض کانگریس اراکین اسمبلی کی موجودگی کے متعلق ایک سوال کے جواب میں پرمیشور نے بتایاکہ چکبالاپور کے رکن اسمبلی ڈاکٹر سدھاکر نے اس سلسلے میں وضاحت کردی ہے، اور ان کے بیان پر کانگریس کو یقین ہے۔ ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ بعض اراکین اسمبلی کو اپنے انتخابی حلقوں میں ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے شکایات ہیں ان تمام کو جلد از جلد دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ان اراکین اسمبلی کی ناراضی کی وجہ سے مخلوط حکومت خطرے میں آگئی ہے ایسا قطعاً نہیں ہے، تمام اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لے کر مخلوط حکومت اپنی میعاد پوری کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ رمیش جارکی ہولی بھلے ہی کانگریس قیادت سے ناراض ہوں، لیکن کسی بھی حال میں وہ پارٹی چھوڑ کر دوسری پارٹی میں شامل نہیں ہوں گے۔