بی بی ایم پی چیف کمشنر کے خلاف لوک آیکتہ میں شکایت درج
بنگلورو ، 29؍ستمبر (ایس او نیوز) حقیقی جہد کاروں کی ویدیکے نے بی بی ایم پی کے چیف کمشنر تشار گری ناتھ کے خلاف لوک آیکتہ میں شکایت درج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کررہے تشار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
یہاں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ویدیکے کے وینکٹیش نے بتایاکہ تشار گری ناتھ بی بی ایم پی کی اسکیموں میں عوامی منتخب نمائندوں اور وزراء کے نام اور تصاویر شائع کرکے عوام کو گمراہ کررہے ہیں اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت کی اسکیموں کے لئے صدر ہند، چیف جسٹس، وزیراعظم، گورنر اور وزیراعلیٰ کی تصاویر استعمال کرنے کی گنجائش ہے اور اس سلسلہ میں عدالت نے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس کے باوجود بی بی ایم پی چیف کمشنر سرکاری اسکیموں میں عوامی منتخب نمائندوں اور وزراء کی تصاویر شائع کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ تشارکے خلاف پولیس کمشنر پرتاپ ریڈی سے شکایت کرنے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی اس لئے اب لوک آیکتہ سے شکایت کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اگر تشار کے خلاف لوک آیکتہ نے بھی کوئی کارروائی نہیں کی ریاست گیر سطح پر احتجاج کرنے پر غور کیا جائے گا۔