نئی دہلی میں ماہ ذی الحجہ کا چاند نظر آگیا، 10 جولائی کو منائی جائے گی عیدالاضحیٰ

Source: S.O. News Service | Published on 30th June 2022, 11:31 PM | ملکی خبریں |

نئی دہلی، 30؍جون (ایس او نیوز) 30 جون بروز جمعرات ماہ ذی الحجہ کا چاند دیکھے جانے کا اعلان کئی رویت ہلال کمیٹیوں اور مسلم اداروں کے ذریعہ کیا گیا ہے۔ امارت شرعیہ ہند کی جانب سے جاری پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’بعد نماز مغرب رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی میٹنگ مولانا حکیم الدین قاسمی صاحب ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کے زیر صدارت، امارت شرعیہ ہند کے مرکزی دفتر 1- بہادر شاہ ظفر مارگ، نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔ چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا، دہلی میں مطلع ابر آلود تھا، اس لیے یہاں چاند نظر نہیں آیا۔ البتہ ملک کے مختلف مقامات مثلاً انجار گجرات، چنئی، ہوجائی آسام، ارریہ، بائسی، پورنیہ (بہار)، اسلام پور دیناج پور وگیرہ سے رویت کی متعدد معتبر اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔‘‘ پریس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند اعلان کرتی ہے کہ 29 کی رویت شرعاً ثابت ہو گئی ہے۔ کل بتاریخ یکم جولائی 2022 بروز جمعہ ماہ ذی الحجہ 1443ھ کی پہلی تاریخ ہوگی۔ نماز عیدالاضحیٰ 10 جولائی 2022 بروز اتوار ادا کی جائے گی۔ (ان شاء اللہ)‘‘

امارت اہل حدیث صادق پور ہند کی طرف سے جو بیان جاری کیا گیا ہے اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’امارت اہل حدیث صادق پور ہند، پٹنہ اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ آج بتاریخ 29 ذیقعدہ 1443ھ مطابق 30 جون 2022ء بروز جمعرات عیدالاضحیٰ کا چاند پٹنہ اور اس کے مضافات میں نہیں دیکھا گیا، لیکن مختلف جگہوں جیسے صاحب گنج ارریہ، سپول، آسام اور مدراس (چنئی) وغیرہ سے عام رویت کی خبر موصول ہوئی۔ لہٰذا ہمدردان و برادرانِ اسلام کو نہایت ہی مسرت و شادمانی کے ساتھ یہ اطلاع دی جا رہی ہے کہ 29 کی رویت کے اعتبار سے عیدالاضحیٰ کی نماز 10 جولائی 2022ء بروز اتوار ادا کی جائے گی۔ ان شاء اللہ العزیز۔‘‘

اسی طرح امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ (پھلواری شریف، پٹنہ، بہار)، خانقاہ حضرت دیوان شاہ ارزانی (پٹنہ، بہار)، خانقاہ مجیبیہ (پھلواری شریف،بہار)، خانقاہ عمادیہ قلندریہ (بہار) وغیرہ نے بھی بیان جاری کر ماہ ذی الحجہ کا چاند دیکھے جانے کا اعلان کیا ہے۔ یعنی ہندوستان میں عیدالاضحیٰ کا تہوار 10 جولائی کو تزک و احتشام کے ساتھ منایا جائے گا۔

ایک نظر اس پر بھی

پی ایم مودی کی میٹنگ سے نتیش اور چندرشیکھر راؤ رہے غائب

وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز نیتی آیوگ کی ساتویں گورننگ کونسل کی میٹنگ کی صدارت کی۔ یہ میٹنگ اتوار کو دہلی میں راشٹرپتی بھون کے کلچرل سنٹر میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی، لیکن دو بڑے لیڈران یعنی بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور ...

پارتھا چٹرجی کے 50 بینک کھاتوں کا انکشاف

 انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے جو کروڑہا روپئے مالیتی اساتذہ بھرتی اسکام کی تحقیقات کررہا ہے، اس نے پارتھا چٹرجی اور ان کی معاون ارپیتا مکرجی کے کم از کم 50 بینک کھاتوں کا پتہ چلایا ہے، جو وہ انفرادی طور پر یا مشترکہ طور پر چلاتے تھے۔

فضائیہ کے سربراہ نے بنگلورو میں دیسی طیارے کی پرواز بھری

 فضائیہ کے سربراہ (سی اے ایس) ایئر چیف مارشل وی آر چودھری، بنگلورو کے دو روزہ دورے پر تھے۔ انھوں نے تین مقامی پلیٹ فارمز، ہلکا لڑاکا طیارہ (ایل سی اے) تیجس، ہلکا لڑاکا ہیلی کاپٹر (ایل سی ایچ) اور ہندوستان ٹربو ٹرینر -40 (ایچ ٹی ٹی-40) کی پروازیں بھریں، جنھیں آتم نربھر کے تئیں اپنی ...