روشن بیگ نے مسلمانوں سے کی بی جے پی اور مودی کا ساتھ دینے کی اپیل؛ کہا مسلمانوں کو بے وقوف بنانا اب ممکن نہیں
بنگلورو:27؍نومبر(ایس اؤ نیوز) سابق ریاستی وزیر ، کانگریس کے سابق لیڈر اور سپریم کورٹ کے ذریعے نا اہل قرار دئے گئے رکن اسمبلی روشن بیگ نے بی جے پی کی پرزور وکالت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب مسلمانوں کو بی جے پی کا ساتھ دینا چاہئے تاکہ یہ ملک وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں آگے بڑھے، انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی مکمل ذہنیت کے ساتھ بی جے پی کی حمایت میں آگے آئیں۔
شیواجی نگر کے رسل مارکیٹ میں منعقدہ بی جےپی انتخابی دفتر کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے روشن بیگ نے کہاکہ مسلمان بی جےپی کے ساتھ چلنےمیں پس وپیش نہ کریں،ہماری طرف سے کوئی ایسا پیغام نہ جائے کہ ہم الگ ہیں ، ہماری دل لگی کرکے ووٹ بینک کرنے والی سیاست کے دن ختم ہوگئے۔ انہوں نے شیواجی نگر کو چھوٹا ہندوستان قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہاں ہندو، مسلم، عیسائی سمیت سبھوں کو اس ملک میں محبت اور بھائی چارگی کے ساتھ رہنا ہے روشن بیگ نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو ہمیں بھارت سرکار اور مودی جی کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ بینک کے نام پر اب مسلمانوں کو بے وقوف بنانا ممکن نہیں ہے، بےوقوف بنانے کا دور اب ختم ہوچکا ہے اور مسلمان اب سمجھدار ہوچکے ہیں۔