بلومبرگ معاملہ: خبروں کی اشاعت کے خلاف حکم امتناعی کے فیصلے کو سپریم کورٹ نے کیا منسوخ

Source: S.O. News Service | Published on 27th March 2024, 11:50 AM | ملکی خبریں |

نئی دہلی، 27/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) آزادیٔ اظہار انسان کے بنیادی حقوق میں سے ہے لیکن یہ حق ہمیشہ کسی نہ کسی طور پر سبوتاژ ہوتا رہا ہے۔ پھر چاہے آزادیٔ اظہار کا یہ معاملہ شخصی آزادی کا ہو یا پھر میڈیا کے ذریعے خبروں کی اشاعت کا۔ آزادیٔ اظہار کے حقوق کے ایسے ہی ایک معاملے میں سپریم کورٹ نے نچلی عدالت کے فیصلے کو منسوخ کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ خبروں کی اشاعت کے خلاف حکم امتناعی لگانے سے آزادیٔ اظہار پر شدید اثر پڑتا ہے۔ اسی کے ساتھ سپریم کورٹ نے نچلی عدالت کے اس ضمن کے فیصلے کو منسوخ کر دیا ہے۔

چیف  جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی صدارت والی سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے آزادیٔ اظہار کے معاملے میں یہ اہم بات کہی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا گروپ ’بلومبرگ‘ سے متعلق توہین عدالت کی درخواست کے معاملے میں تین ججوں کی اس بنچ نے کہا کہ عدالتوں کو غیر معمولی واقعات کے علاوہ کسی بھی خبر کی اشاعت کے خلاف یکطرفہ طور پر حکم امتناعی نہیں دینا چاہیے۔ عدالت نے کہا کہ اس سے لکھنے والے کے آزادیٔ اظہار اور عوام کے جاننے کے حق پر سنگین اثر پڑ سکتا ہے۔ اس تبصرے کے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے ملک کے مشہور میڈیا گروپ کے خلاف مبینہ طور پر توہین آمیز خبروں کی اشاعت کو روکنے کے ٹرائل کورٹ کے حکم کو بھی منسوخ کر دیا۔

بین الاقوامی میڈیا گروپ بلومبرگ پر زی انٹرٹینمنٹ کے خلاف توہین آمیز مضامین لکھنے کا الزام ہے۔ نچلی عدالت نے بلومبرگ کو مضامین ہٹانے کا حکم دیا تھا لیکن سپریم کورٹ نے کہا کہ مواد کی اشاعت کے خلاف حکم امتناعی کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد ہی اس طرح کا حکم دیا جانا چاہیے۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی تین ججوں کی بنچ نے کہا کہ مضمون کی اشاعت کے خلاف ’پری ٹرائل حکم امتناعی‘ جیسے حکم رائٹرس کے آزادیٔ اظہار اور عوام کے جاننے کے حق پر سنگین اثر ڈال سکتے ہیں۔

سپریم کورٹ میں ان تین ججوں کی بنچ میں جسٹس جے بی پاردیوالا اور جسٹس منوج مشرا بھی شامل تھے۔ اس بنچ نے کہا کہ حکم امتناعی خاص طور پر یکطرفہ نہیں ہونا چاہیے۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ حکم امتناعی اس وقت تک نہیں دیا جانا چاہیے جب تک یہ ثابت نہ ہو جائے کہ جس مواد کو شائع کیا گیا ہے وہ ’بد نیتی پر مبنی‘ یا ’صریح جھوٹ‘ ہے۔ بنچ نے کہا کہ دوسرے لفظوں میں مقدمے کی سماعت شروع ہونے سے قبل لاپرواہی سے دیے گئے عبوری حکم امتناعی ’عوامی بحث کا گلا گھونٹنے‘ کے مترادف ہیں۔ سی جے آئی چندرچوڑ کی بنچ نے واضح کیا کہ عدالتوں کو غیر معمولی معاملات کے علاوہ یکطرفہ حکم امتناعی نہیں دینا چاہئے۔ اگر ایسا کیا گیا تو مقدمہ کی سماعت کے دوران مدعا علیہ کی طرف سے پیش کیے گئے دفاعی دلائل کی کوئی اہمیت نہیں رہ جائے گی۔

سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ الزامات ثابت ہونے سے پہلے شائع ہونے والے مواد کے خلاف عبوری حکم امتناعی، وہ بھی مقدمے کی سماعت شروع ہونے سے پہلے، سزائے موت کے مترادف ہے۔ عدالت نے کہا کہ ہتک عزت کے مقدمے میں عبوری حکم امتناعی دیتے وقت آزادیٔ اظہار اورعوامی مباحث کو روکنے جیسے پہلوؤں کو بھی ذہن میں رکھا جانا چاہیے، نیزعدالتوں کو طویل قانونی چارہ جوئی کے استعمال کی صلاحیت پر بھی غور کرنا چاہیے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ دہلی ہائی کورٹ کے 14 مارچ کے حکم کے خلاف بلومبرگ کی عرضداشت پر سماعت کر رہی تھی۔ ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کے حکم کے خلاف بلومبرگ کی اپیل کو مسترد کر دیا تھا۔

ایک نظر اس پر بھی

گزشتہ لوک سبھا الیکشن کے مقابلے اس الیکشن میں ووٹنگ میں کمی

  ۱۸؍ ویں لوک سبھا کے لئے پولنگ کے دو مرحلوں میں کرناٹک عام قومی رجحان سے جدا دکھائی دے رہا ہے۔ اس نے ۲۰۱۹ء کے لوک سبھا انتخابات کے مقابلے میں کم رائے دہندگی کے قومی رجحان کو غلط ثابت کر دیا ہے، حالانکہ بنگلورو نے ریاست کے ووٹنگ فیصد کو کافی حد تک کم کیا ہے۔

گرفتاری کے خلاف کیجریوال کی درخواست پر سپریم کورٹ میں پیر کو سماعت

  دہلی شراب پالیسی کیس میں گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی درخواست پر پیر کو سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر شائع تفصیلات کے مطابق جسٹس سنجیو کھنہ اور دیپانکر دتہ کی بنچ 29 اپریل کو کیس کی سماعت کرے گی۔

وقف بورڈبدعنوانی:امانت اللہ خان کوای ڈی نے پھر طلب کیا

  انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کو ان کی صدارت کے دوران دہلی وقف بورڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں اگلے ہفتے دوبارہ پیش ہونے کو کہا ہے۔ سرکاری ذرائع نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ اسی وقت، اوکھلا اسمبلی سیٹ سے عام ...

کلکتہ ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف ممتا حکومت کی عرضی پر سپریم کورٹ میں پیر کو سماعت

سپریم کورٹ پیر کو مغربی بنگال حکومت کی طرف سے کلکتہ ہائی کورٹ کے اس حکم کے خلاف داخل کی گئی ایک درخواست پر سماعت کرے گا، جس میں ڈبلیو بی ایس ایس سی کی طرف سے 2016 میں تدریسی اور غیر تدریسی عہدوں پر کی گئی 25753 تقرریوں کو منسوخ کیا گیا تھا۔

مودی ہار رہے ہیں، انڈیا الائنس 300 پار کرے گا، دو مرحلوں کی ووٹنگ کے بعد سنجے راوت کا دعویٰ

شیو سینا-یو بی ٹی لیڈر سنجے راوت نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ملک میں 10 سال سے ایک ڈکٹیٹر حکمرانی کر رہا ہے ، اس سے تو بہتر ہے کہ ملک میں ایک مخلوط حکومت قائم ہو۔ ہم دو وزیر اعظم بنائیں یا چار، یہ ہماری مرضی ہے لیکن اس ملک کو ڈکٹیٹرشپ کی جانب ہم نہیں ...