میسورومیئر کا معاملہ کانگریس، جے ڈی ایس کے درمیان سمجھوتہ ہوگیا ہے: ڈی کےشیوکمار
بنگلورو،25؍فروری (ایس او نیوز) کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی (کے پی سی سی) صدر ڈی کے شیوکمار نے آج کہا کہ میسورو کارپوریشن کے میئر کے انتخاب سے متعلق کانگریس اور جے ڈی ایس کے درمیان معاہدہ ہوچکا ہے۔ میئر کا عہدہ کانگریس کے پاس 2سال اور جے ڈی ایس کے پاس 3سال رہے گا، یہ فیصلہ ہوچکا ہے۔یہ شرط جے ڈی ایس کو منظور ہے تو ہم بھی اس معاہدہ کے پابند رہیں گے۔
نامہ نگاروں سے آج گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلی بات چیت کے دوران اتحاد کس لئے ٹوٹا اس پر وہ یہاں تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔ پارٹی کے حق میں وہ جسے چاہے بات کرنے کے لئے تیار ہیں،میرے لئے پارٹی کا مفاد اہم ہے۔ ہوسکوٹے کے رکن اسمبلی شرت بچے گوڑا کانگریس میں شامل ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی میں شرت بچے گوڑا کے لئے آئین کے مطابق کام کرنے کا بھی موقع ہے۔آزاد امیدوار کی حیثیت سے جیت کر کسی سیاسی پارٹی میں شامل ہونا مشکل نہیں۔ آزاد رکن اسمبلی کسی بھی پارٹی کی تائید بھی کرسکتا ہے۔کانگریس میں صرف شرت نہیں ان کے طرفدار بھی شامل ہونے کی گنجائش ہے۔چک بالاپور جیلاٹن دھماکہ سے متعلق شیوکمار نے کہا کہ ہماری پارٹی کے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور کونسل میں اپوزیشن لیڈر دونوں نے جائے حادثہ کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس لیڈروں کی پدیاترا سے متعلق 25فروری کو ایک اجلاس طلب کیا گیا ہے، اس اجلاس میں حکمت عملی اور پدیاترا کا پروگرام طے کیا جائے گا۔