پاپولرفرنٹ کے زیرِ اہتمام29ستمبر کو کیا جائے گا نئی دہلی میں عوامی حقوق کانفرنس کا انعقاد

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 21st September 2019, 11:55 PM | ملکی خبریں |

نئی دہلی 21/ستمبر (ایس او نیوز) پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے زیرِ اہتمام 29/ستمبر  کو نئی دہلی میں ”عوامی حقوق کانفرنس“ کے عنوان کے تحت ایک عظیم الشان عوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جس کا آغاز اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں دوپہر ایک بجے ہو گا، کانفرنس میں ملک کے موجودہ سماجی، اقتصادی و سیاسی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے عوام کو مودی حکومت کی آمرانہ رجحانات کے خلاف بیدار اور چوکنا کیا جائے گا۔ان باتوں کی اطلاع پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی جانب سے جاری کردی پریس ریلیز میں دی گئی ہے۔

ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ مختلف سیاسی ہتھکنڈے اپنا کر اقتدار میں آنے کے بعد، اب این ڈی اے حکومت ملک کے تمام وسائل اور قوت کو ایک محور کے تحت لانے میں لگ گئی ہے۔ سنگھ پریوار کی تنظیمیں جنہیں اس حکومت میں عام معافی حاصل ہے، وہ صرف گائے رکھنے یا بیف کھانے کے الزام میں بے قصور لوگوں کا پیچھا کرکے انہیں پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیتے ہیں۔ اس طرح انہوں نے اس ملک کو لنچستان بنا دیا ہے۔ ایسی وارداتوں کو انجام دینے والے مجرموں کو شازونادر ہی سزا دی جاتی ہے۔ پہلو خان کے قتل کی پوری ویڈیو رکارڈنگ موجود ہونے اور موت سے قبل متاثرہ کے بیان میں قاتلوں کے ناموں کی وضاحت کے باوجود، پہلو خان کے قاتل آزاد گھوم رہے ہیں۔

ریلز میں مزید بتایا گیا ہے کہ مخالفت کی آوازوں کو خاموش کرنے کے لئے قصداً ایک خوف کا ماحول بنایا جا رہا ہے۔ جو تنظیمیں ملک میں پھیلی افرا تفری اور لاقانونیت پر سوال اٹھانے کی جرأت کرتی ہیں انہیں طاقت کے زور پر دبایا جاتا ہے۔ بدنام زمانہ قانون’انسداد غیرقانونی سرگرمیاں ایکٹ‘ (یو اے پی اے) میں کی گئی حالیہ ترمیم، حکومت کو اس قدر یکطرفہ اختیارات کا مالک بناتی ہیں کہ وہ کسی بھی شخص کو دہشت گرد کہہ سکتی ہے اور کسی بھی تنظیم پر پابندی لگا سکتی ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق آسام میں شہریوں کے قومی رجسٹر (این آر سی) کی وجہ سے نام نہاد غیرملکی دراندازوں کو ملک سے کھدیڑنے کے نام پر 19/لاکھ سے زائد لوگوں کو بے وطن بنا کر چھوڑ دیا گیا ہے۔ این آر سی کو ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی نافذ کرنے کے اقدامات بہت برے حالات آنے کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔ خصوصی درجہ ہٹانے کے بعد سے جموں و کشمیر ریاست ایک جیل خانے میں تبدیل ہو گئی ہے، جہاں لوگوں کی بنیادی آزادی بھی ان سے چھین لی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق کرفیو، راتوں کو چھاپے ماری، گرفتاری اور تشدد وہاں عام بات ہو گئی ہے۔ حتیٰ کہ بچوں کو بھی قیدخانوں میں ڈالا جا رہا ہے۔

ریلیز کے مطابق تقریباً تمام اقتصادی اشاریے یہ بتا رہے ہیں کہ ہندوستانی معیشت بہت نیچے چلی گئی ہے، جہاں ترقی کی شرح گرکر تقریباً تین فیصد  پر آ گئی ہے۔ یہ بات واضح ہے کہ یہ حالت پچھلی مودی حکومت کی نوٹ بندی اور جی ایس ٹی جیسی احمقانہ مداخلتوں کا راست نتیجہ ہے۔ بے روزگاری کی شرح ملک کی تاریخ میں پہلی بار  6.1  فیصد تک جا پہنچی ہے۔ لاکھوں لوگوں کی نوکریاں چلی گئی ہیں، کارخانوں پر تالے لگ رہے ہیں، یہاں تک کہ کاروباری گھرانے بھی حکومت کی اقتصادی ناکامیوں سے سخت ناراض ہیں۔ مالی بحران سے نکلنے  کی کوشش میں، حکومت نے ریزرو بینک آف انڈیا سے، جسے ابھی ایک ایسا شخص چلا رہا ہے جس نے اقتصادیات پڑھی تک نہیں ہے، زبردستی ۶۷ء۱/ لاکھ کروڑ روپئے ہتھیا لئے ہیں۔

پریس ریلیز کےمطابق ایسے حالات میں حزب اختلاف نے بھی عوام کو دھوکہ دیا ہے،کیونکہ اس نے یا تو ووٹ دے کر یا پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کرکے ایسے عوام مخالف قوانین کے پاس ہونے کی راہ ہموار کی۔لہٰذا یہ وقت ہے کہ خوف اور عدمِ تحفظ کے اس تیار کردہ ماحول کو ختم کیا جائے۔ بھارت ایک عظیم ملک ہے اور کثرتیت و رواداری یہاں کی بنیاد ہے۔ملک کے حالات ایک ایسی نئی عوامی تحریک کی تلاش میں ہیں جو دبنے اور خوفزدہ ہونے کے لئے ہرگز تیار نہ ہو اور جو ملک کے سیکولر و جمہوری اقدار کی بقا کے لئے پُرعزم ہو۔ ریلیز میں کہا گیاہے کہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا تمام شہریوں اور طبقات کی تقویت چاہتی ہے، تاکہ وہ ایک بے خوف اور باعزت زندگی جی سکیں۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ  جمہوریت اور آئینی اقدار پر یقین رکھنے والے تمام طبقات کو اس بات کی ضرورت ہے کہ وہ ملک کو افراتفری کے ماحول سے بچانے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ آئیں۔ یہ عوامی حقوق کانفرنس اس سلسلے کا ایک اہم قدم ہے، جس کا مقصد عوام کو درپیش نئے چیلنجز اور ان پر غالب آنے کے راستوں سے واقف کرانا ہے۔

ریلیز میں اس بات کی بھی معلومات دی گئی ہے کہ دہلی و اطراف سے ہزاروں کی تعداد میں کارکنان و حامیان کی اس پروگرام میں شرکت متوقع ہے۔ پاپولر فرنٹ آف انڈیا نے  تمام لوگوں کو دعوت دی ہے  کہ آپ بھی اس پروگرام کا حصہ بنیں اور ملک کو بچانے کے اس عظیم مشن میں اپنا کردار ادا کریں۔

ایک نظر اس پر بھی

ممبئی میں طوفانی ہواوں کے ساتھ بارش کے چلتے سو فٹ لمبا بورڈ گرنے کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر ہوگئی 14؛ 80 زخمی

ممبئی میں پیر دوپہر گردو غبار کے طوفان کے نتیجے میں سو فٹ لمبا بورڈ/ ہورڈنگ گرنے سے مرنے والوں کی تعداد  بڑھ کر 14 ہو گئی ہے ۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق آج منگل صبح  بورڈ کے نیچے  ملبے سے مزید پانچ لاشیں نکالی گئی ہیں ، جہاں سو سے زائد لوگوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ...

لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے میں نو ریاستوں کے ساتھ جموں و کشمیر میں ہوئی پولنگ؛ 67.71 فیصد ووٹنگ درج

چوتھے مرحلے کے لوک سبھا انتخابات میں پیر کو جن نو ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام (جموں و کشمیر) میں ہوئی جملہ 96 لوک سبھا سیٹوں کی  پولنگ میں الیکشن کمیشن کی دی گئی جانکاری کےمطابق 67.71 فیصد  ووٹنگ درج کی گئی ہے۔

لوک سبھا انتخابات کا چوتھا مرحلہ ؛ حیدر آباد میں بی جے پی امیدوار کے خلاف کیس درج، برقع پوش خواتین سے بدسلوکی کا الزام، ویڈیو وائرل

حیدر آباد پولیس نے آج حیدر آباد لوک سبھا سیٹ پر ووٹنگ کے درمیان بی جے پی امیدوار مادھوی لتا کے خلاف کئی دفعات میں معاملہ درج کیا ہے۔ دراصل مادھوی لتا کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ ایک بوتھ پر  برقع پوش  کچھ مسلم خاتون ووٹرس سے ان کے چہرے کا نقاب ہٹانے کہہ رہی تھیں۔ ...

سماج وادی پارٹی کے افضال انصاری کا معاملہ: ہائی کورٹ میں سماعت ملتوی، افضال اور ان کی بیٹی دونوں نے غازی پور سے داخل کیا پرچۂ نامزدگی

اتر پردیش کی غازی پور سیٹ سے سماجوادی پارٹی امیدوار افضال انصاری کی گینگسٹر معاملے میں ملی چار سال کی سزا کے خلاف عرضی پر آج ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی اور پھر آئندہ پیر یعنی 20 مئی تک کے لیے اسے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس درمیان غیر یقینی والی حالت کو دیکھتے ہوئے افضال ...

ہیمنت سورین کی گرفتاری کے خلاف داخل عرضی پر سپریم کورٹ نے ای ڈی سے 17 مئی تک جواب طلب کیا

سپریم کورٹ نے 13 مئی کو ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے مبینہ اراضی گھوٹالہ سے منسلک منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) اور سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی گرفتاری کو چیلنج دینے والی عرضی پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) سے 17 مئی تک جواب مانگا ہے۔