مخلوط حکومت کا خاتمہ یقینی، شٹر کی پیشین گوئی
بنگلورو،29/اپریل(ایس او نیوز) سابق وزیراعلیٰ اور بی جے پی لیڈر جگدیش شٹر نے آج پیشین گوئی کی ہے کہ اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے نتائج ریاست کا سیاسی منظر نام تبدیل کریں گے اور موجودہ مخلوط حکومت گر جائے گی۔ ہبلی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ضمنی انتخابات میں بی جے پی امیدواروں کی کامیابی یقینی ہے۔ اور 23مئی کو نتائج ظاہر ہونے کے بعد ریاست کی سیاست میں بڑی تبدیلی آئے گی اور مخلوط حکومت اپنے آپ گر جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ کندگول اور چنچولی میں اقتدار اور دولت کے بل پر کامیابی نہیں ملے گی۔ مخلوط حکومت چائے لاکھ کوشش کرے یہاں پر بی جے پی امیدوار ہی کامیاب ہوں گے۔ مسٹر شٹر نے کہاکہ مخلوط حکومت کے خاتمے کے لئے دیوے گوڈا اور سدرامیا ذمہ دار ہوں گے۔ وزیر آبی وسائل ڈی کے شیوکمار پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان کے ذریعے پارٹی کو نقصان ہوگا۔ ان ضمنی انتخابات میں ڈی کے شیوکمار کی حکمت عملی ہرگز کارگر ثابت نہیں ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ اگر مخلوط حکومت گرگئی تو اس کا فائدہ ضرور اٹھایا جائے گا اور متبادل حکومت تشکیل دی جائے گی۔