نئی دہلی،24/جنوری(ایس او نیوز/یو این آئی) چھتیس گڑھ کے وزیراعلی بھوپیش بگھیل نے اپنے کابینہ کے کچھ ساتھیوں اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ایک وفد کے ساتھ جمعہ کو کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق صدر راہل گاندھی سے ملاقات کی اور اپنی حکومت کے کام کاج سے انہیں مطلع کرایا۔
کانگریس نے اپنے سرکاری ٹویٹر پر یہ معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ بگھیل نے اپنے کابینہ کے چھ اراکین، ارکان اسمبلی، میئروں اور میونسیپل کارپوریشنوں کے صدور کے ساتھ سونیا گاندھی سے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔سمجھا جاتاہے کہ اس ملاقات کے دوران بگھیل نے اپنی حکومت کی ایک سال کی کامیابیوں کی تفصیلی معلومات پارٹی کی قیادت کو دی۔
بگھیل کے ساتھ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سے ملنے گئے وفد میں بگھیل کے علاوہ پارٹی کے چھتیس گڑھ کے انچارج جنرل سکریٹری پی ایل پنیا ،اسمبلی اسپیکر ڈاکٹر چرن داس مہنت،ریاست کے وزیر داخلہ تامردھوج ساہو،کابینہ کے وزیرٹی ایس سنگھ دیو اور جے سنگھ اگروال شامل تھے۔