’’بجرنگ بلی اور علی‘ کا تنازعہ پیدا کرنے والی طاقتوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے: مایاوتی
نئی دہلی،13؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے ہفتہ کو خبردار کیا کہ انتخابی مفاد کے لئے ’ بجرنگ بلی اور علی‘ کا تنازعہ پیدا کرنے والی طاقتوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔مایاوتی نے بیان جاری کرکے ملک اور اتر پردیش شہریوں کو رامنومی کی مبارک دی۔ انہوں نے کہاکہ ایسے وقت میں جب لوگ شری رام کے آدرشوں کو یاد کر رہے ہیں، تب انتخابی مفاد کیلئے بجرنگ بلی اور علی کا تنازعہ پیدا کرنے والی حکمراں طاقتوں سے ہوشیار رہنا۔بی ایس پی سپریمو نے جلیانوالا باغ کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جلیاوالا باغ سانحہ کے آج 100 سال پورے ہو گئے۔آزادی کے لئے اپنی جان کی قربانی دینے والے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے خاندانوں کے تئیں گہری تعزیت کا اطہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ کاش ہندوستان سرکار اس انتہائی افسوسناک واقعہ کے لئے برطانوی حکومت سے معافی منگواکر ملک کو اطمینان دلانے میں کامیاب ہو پاتی۔ غور طلب ہے کہ سہارنپور میں دیوبند میں ایس پی۔بی ایس پی۔آر ایل ڈی مہاگٹھ بندھن کی پہلی انتخابی ریلی میں مایاوتی نے مسلم ووٹروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ بی جے پی کو کانگریس نہیں ہرا سکتی۔اسے صرف مہا گٹھ بندھن ہی شکست دے سکتا ہے۔ لہٰذا مسلم ووٹر کانگریس کو ووٹ دے کر اسے ضائع کرنے کے بجائے مہاگٹھ بندھن امیدواروں کے حق میں ایک طرفہ ووٹنگ کریں۔