بی جے پی حکومت کو کسانوں اور عوام کی فکر نہیں ہے: کمار سوامی
میسورو،24؍نومبر (ایس او نیوز) سابق ریاستی وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے بی جے پی کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو انتظامیہ کی آڑ میں عوام کے روپیوں کو لوٹنے کے سوا عوام،کسانوں کی ترقی کی کوئی فکر نہیں ہے۔
یہاں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کمار سوامی نے اس خیال کا اظہار کیا کہ بی جے پی کو ریاست کی ترقی کی ضرورت نہیں ہے، ریاست میں بارش کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔ انہو ں نے بتایا کہ ریاست میں 5تا 6ایکڑ کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، لیکن حکومت کسانوں کو معاوضہ ادا کرنے کی بجائے جن سوراج یاترا کے ذریعہ وقت برباد کررہی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ جن سوراج یاترا کے دوران کہیں بھی بی جے پی وزراء یا رہنماؤں نے کسانوں اور عام افراد کی مشکلات کا ذکر نہیں کیا ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ بومئی نے چکبالاپور میں بارش سے گھر کھونے والوں کو 3لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا ہے لیکن یہ صرف اعلان تک محدود ہے،کیونکہ اس سے قبل بیلگاوی، باگل کوٹ اور کورگ میں گھروں کا نقصان برداشت کرنے والوں کو ابھی تک معاوضہ ادا نہیں کیا گیا ہے۔