یوپی: سنڈیکیٹ بینک سے دن دہاڑے 15 لاکھ کی لوٹ،سی سی ٹی وی کا ڈی وی آربھی ساتھ لے گئے بدمعاش
باغپت،10ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) باغپت میں دن دہاڑے موٹر سائیکل سوار تین نقاب پوش بدمعاشوں نے سنڈیکیٹ بینک میں گھس کر ہتھیاروں کے بل پر 15 لاکھ روپے لوٹ لئے اور فرار ہو گئے۔پولیس نے پیر کو بتایا کہ بھاگتے وقت بدماش سی سی ٹی وی کی ڈی وی آرکوبھی نکال کر لے گئے۔یہ معاملہ تھانہ چھپرولی علاقے کے گاؤں تگانا میں واقع بینک برانچ کا ہے۔اس واقعہ کے بعد سے علاقے میں سنسنی ہے۔پولیس کے مطابق بینک منیجر کی تحریر پر چھپرولی تھانے میں تین نامعلوم بدمعاشوں کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔ایس پی پرتاپ گوپیندر یادو کے مطابق تگانا میں دیہی اندرپال کے مکان میں کرایہ پر چل رہے بینک میں دوپہر موٹر سائیکل سے تین بدمعاش پہنچے۔انہوں نے منیجر سے کیش کاؤنٹر پر رکھے قریب نو لاکھ روپے لوٹ لئے،اس کے بعد بھی ان کا جب دل نہیں بھرا تو انہوں نے نے کیش کاؤنٹر پر ہنگامہ کرتے ہوئے منیجرسے بینک کے اندر رکھی الماری کا تالا کھلوایا اور اس میں رکھے چھ لاکھ روپے نکلوا لئے،اس طرح بدمعاشوں نے کل 15 لاکھ روپے پر ہاتھ صاف کئے۔پولیس نے بتایا کہ اس کے بعد انہوں نے چار سی سی ٹی وی کیمروں کی ڈی وی آر نکالا اور پھر وہ منیجر کو شور مچانے پر جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے فرار ہوگئے۔منیجر ہرویندر سنگھ نے نامعلوم تین بدمعاشوں کے خلاف لوٹ کا مقدمہ درج کرایا ہے۔ایس پی کے مطابق بینک میں نہ تو کوئی سیکورٹی گارڈ تعینات ہے اور نہ ہی یہاں کوئی تجوری بنائی گئی ہے۔پولیس مسلسل بدمعاشوں کی تلاش میں مسلسل چھاپہ ماری کر رہی ہے۔