بیدر اے پی سی آر کے لئے سید سُہیل احمد کانئے صدر کے طور پر انتخاب، محمد سُہیل اختر جنرل سکریٹری منتخب؛ نئی انتظامیہ کمیٹی کی بھی ہوئی تشکیل
بیدر 29 مارچ (ایس او نیوز) اسوسی ایشن فور پروٹیکشن آف سیول رائٹس (اے پی سی آر) کی بیدر یونٹ کے لئے اتوار کو گیارہ اراکین پر مشتمل نئی انتظامیہ کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے بعد ایڈوکیٹ سید سُہیل احمد کا ضلع بیدر کےلئے اے پی سی آر کے صدر کے طور پر انتخاب عمل میں آیا، ان کے ساتھ ضلع بیدر کے ہمناباد کے محمد سُہیل اختر کو جنرل سکریٹری کے طور پر منتخب کیا گیاجبکہ خزانچی کے طورپر عبدالغفور شیخ کا انتخاب عمل میں آیا۔
اے پی سی آر کرناٹک کےریاستی کو۔آرڈی نیٹر جناب شیخ شفیع احمد کی صدارت اور اے پی سی آر بیدر کورڈی نیٹر جناب رفیق احمد کی نگرانی میں پہلے بیدر کے مختلف تعلقہ جات کی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، پھر ضلعی کمیٹی کا انتخاب عمل میں آیا۔ اس موقع پر کرناٹک کے ریاستی میڈیا کورڈی نیٹر جناب عنایت اللہ گوائی بھی موجود تھے۔
جناب رفیق احمد کی تلاوت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا، نظامت کے ساتھ موصوف نے ہی نشست کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے افتتاحی کلمات پیش کئے، بیدر سمیت بسواکلیان، ہمناباد، بگدل، بھالکی، اوراد وغیرہ کے بھی اے پی سی آر سے منسلک اراکین نے میٹنگ میں شرکت کی اور بیدر میں اے پی سی آر کو مضبوط کرنے ، یہاں کے عوام میں قانونی بیداری پیدا کرنے اور مظلوموں کو انصاف دلانے کے لئے ہرممکن کوشش کرنے کا تیقن دیا۔ مولوی امیرالدین صاحب کی دُعا پر نشست برخواست ہوئی۔