آپ امیدوار پیر کو پرچۂ نامزدگی کریں گے داخل : گوپال رائے
نئی دہلی،21؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر گوپال رائے نے کہا ہے کہ دہلی میں ان کی پارٹی کے باقی چھ امیدوار پیر کو اپنی پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ساتھ ہی انہوں نے کانگریس پر الزام لگایا کہ اس نے دہلی، ہریانہ اور چندی گڑھ میں اتحاد کو لے کر آپ کا وقت برباد کیا۔غور طلب ہے کہ یہاں آپ کے مغرب دہلی امیدوار بلبیر سنگھ جاکھڑ نے جمعرات کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کی تھی۔ رائے نے ہریانہ سے انتخاب لڑنے والے تین امیدواروں کے نام کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہریانہ ریاستی پارٹی انچارج نوین جے ہند فرید آباد سے، ایڈووکیٹ کرشن کمار اگروال کرنال سے، جبکہ ہریانہ کے سابق ڈی جی پی پرتھوی انبالہ سے آپ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔رائے نے یہ اعلان بھی کیا کہ دہلی کے وزیر اعلی اور آپ کے سربراہ اروند کیجریوال ہریانہ میں دو میگا روڈ شو کریں گے۔غور طلب ہے کہ آپ نے ہریانہ میں جننایک جنتا پارٹی (ججپا) کے ساتھ اتحادکیا ہے جس کے تحت سات سیٹیں ججپا کو، جبکہ تین سیٹیں آپ کو ملی ہیں۔رائے نے کہاکہ ہم نے (دہلی میں) آپ کے امیدواروں کی پرچہ نامزدگی موخر کردی تھی لیکن اب دہلی میں ہمارے باقی تمام چھ امیدوار پیر کو اپنی پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔دہلی میں پیر کو آپ کے جو چھ اور امیدوار نامزدگی داخل کریں گے، ان میں پنکج گپتا (چاندنی چوک)، آتشی (مشرقی دہلی)، گگن سنگھ (شمال مغرب دہلی)، راگھو چڈھا (جنوبی دہلی)، دلیپ پانڈے (شمال مشرق دہلی) اور برجیش گوئل (نئی دہلی) شامل ہیں۔