حکومت 15سال پرانی گاڑیوں کو کباڑ میں بدلے گی : نتن گڈکری
نئی دہلی ، 27؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ایک بار پھرا سکریپ پالیسی کو لے کر سختی دکھائی ہے۔ انہوں نے کل کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے 15 سال سے زیادہ پرانی تمام گاڑیوں کو بھی ردی میں تبدیل کر دیا جائے گا اور اس سے متعلق پالیسی ریاستوں کو بھیج دی گئی ہے۔ گڈکری نے یہ بات ایک پروگرام کے افتتاح کے دوران کہی۔ انہوں نے بتا یا کہ کل وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں انہوں نے ایک فائل پر دستخط کئے۔ اس کے تحت حکومت ہند کی تمام گاڑیاں جو 15 سال سے زیادہ پرانی ہیں کو ردی میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ میں نے حکومت ہند کی یہ پالیسی تمام ریاستوں کو بھیج دی ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے گڈکری کی کوششوں کی تعریف کی۔اسکریپنگ کا مطلب ہے کہ اگر کسی کے پاس 15 سال سے زیادہ پرانی گاڑی ہے تو اس کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی۔ وہ گاڑی سڑک پر نہیں چلا سکتا۔ اگر کوئی شخص ایسا کرتے ہوئے پکڑا گیا تو اس پر جرمانہ ہو سکتا ہے۔ 10 سال سے پرانی کمرشل گاڑیاں اور 15 سال سے زیادہ پرائیویٹ مسافر گاڑیوں کو فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا۔ فٹنس ٹیسٹ سے گزرنا لازمی ہے۔ اگر آپ کی گاڑی فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہوجاتی ہے، تو آپ کو اپنی گاڑی ملک بھر میں 60تا70 رجسٹرڈ اسکریپ سہولیات میں جمع کرانی ہوگی۔