رام مندر کی تعمیر کے لئے حکومت قانون بنائے: وی ایچ پی
نئی دہلی، 11 ؍نومبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) وشو ہندو پریشد نے ہفتہ کو اس یقین کا اظہار کیا کہ حکومت پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے قانون پاس کرے گی جس سے وہاں قانونی طریقے سے مندر کی تعمیر ہوسکے ۔وی ایچ پی کے بین الاقوامی صدر الوک کمار نے یہاں نامہ نگاروں کی کانفرنس میں کہا کہ انہیں یقین ہے کہ حکومت رام مندر کی تعمیر کے لئے بل لائے گی اور قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے باہر کے لیڈر بھی پارٹی پالیسیوں سے اوپر اٹھ کر اس کی حمایت کریں گے اور زبردست اکثریت کے ساتھ اس بل کو پاس کریں گے ۔انہو ں نے کہا کہ رام مندر کی تعمیر کے لئے حکومت پر دباؤ بنایا جائے گا اور اس کے تحت مذہبی اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے سبھی گورنروں کو میمورنڈم دیا ہے جس میں پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران قانون بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔مسٹر کمار نے بتایا کہ 25 نومبر کو اجودھیا، ناگپور اور بنگلور میں مندر تعمیر کے مطالبے کے لئے مختلف جلسے کئے جائیں گے ۔ اجودھیا میں منعقد اجلاس میں بڑی تعداد میں سادھو سنت بھی حصہ لیں گے ۔ اس سلسلے میں 9 دسمبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں بھی بڑی ریلی کی جائے گی۔کمار نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی تنظیم کے عہدیدار اور سادھو سنت اراکین پارلیمان سے ملاقات کریں گے اور ان سے رام مندر کی تعمیر کے لئے قانون پاس کرانے کی مانگ کریں گے ۔