کانگریس کی کامیابی جنتادل(ایس) کی قربانی کا نتیجہ:دانش علی
بنگلورو:13/ اپریل (ایس او نیوز) ریاست کی دو سیٹوں پر ہوئے ضمنی چناؤ میں کانگریس کی فتح اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی شکست پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جنتادل (سیکولر) نے کہا ہے کہ ان دونوں سیٹوں پر جنتادل (ایس) کی قربانی کی وجہ سے کانگریس کو یہ جیت ملی ہے۔جنتادل (ایس) کے قومی سکریٹری جنرل کنوردانش علی نے آج یہاں کہا کہ جے ڈی ایس کے گڑھ سمجھے جانے والے جنوبی کرناٹک کے ضلع میسور کی ننجن گڑھ اور گنڈل پیٹ سیٹوں پر سیکولر ووٹوں کو تقسیم ہونے سے بچانے کیلئے پارٹی نے اپنا کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا، جس کے نتیجے میں بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور جنوبی ہندوستان میں قدم جمانے کی اس کی مہم کو شدید جھٹکالگا۔انہوں نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم اور جنتادل (ایس) کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڑا کی قیادت والی پارٹی کی یہ نہ صرف ایک مثالی قربانی ہے بلکہ سیکولر پارٹیوں کیلئے یاد رکھنے والاسبق بھی ہے کہ فرقہ پرست قوتوں کو اقتدار میں آنے سے روکنے اور سیکولر ووٹوں کی تقسیم کو روکنے کیلئے کسی نہ کسی سیکولر پارٹی کو قربانی ضرور دینی پڑے گی۔ خیال رہے کہ مذکورہ دونوں سیٹوں پر ریاست کی حکمراں جماعت کانگریس نے بی جے پی کے امیدواروں کو شکست دے کر یہ دونوں سیٹیں جیتی ہیں۔