خسارے میں چل رہے ایئر انڈیا کو خرید سکتا ہے ٹاٹا گروپ!
نئی دہلی، 21؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )پبلک سیکٹر کی ایئر لائنس کمپنی ایئر انڈیا زبردست خسارے میں ہے، کافی وقت سے ایسی خبریں آ رہی ہیں کہ مرکزی حکومت ایئر انڈیا کو قرض کے بوجھ سے آزادی دلانے کے لیے راستے تلاش رہی ہے۔ایسے میں خبر ہے کہ نجی کمپنی ٹاٹا حکومت سے ایئر انڈیا کو خرید سکتی ہے۔رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ اس سلسلہ میں ٹاٹا کے حکام اور حکومت کے درمیان غیر رسمی بات چیت بھی ہوئی ہے۔اگر ایسا ہوتا ہے تو اصل میں ایئر انڈیا کی یہ گھر واپسی ہوگی کیونکہ 1953سے پہلے ایئر انڈیا کی ملکیت ٹاٹا گروپ کے پاس ہی تھی ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹاٹا گروپ کے چیئرمین این چند رشیکھرن نے حکومت کے ساتھ غیر رسمی بات چیت کی ہے ، جس میں انہوں نے 51فیصد ایکوئٹی کے ساتھ ایئر انڈیا پر ٹاٹا گروپ کے کنٹرول کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔حکومت ایک دہائی سے خسارے میں چل رہی ایئر لائنس کمپنی ایئر انڈیا کی نجکاری کے بارے میں غور کر رہی ہے۔حال ہی میں وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا تھا کہ ہوا بازی کی وزارت کو ان تمام امکانات کا پتہ لگانے کی ضرورت ہے ،جس سے ایئر انڈیا کی نجکاری کی جا سکتی ہے ۔ایئر انڈیا پر 52000کروڑ روپے سے زیادہ کا قرض ہے۔