کماراسوامی سرکاری کارکردگی کے اشتہارات پرناراض؛ کہا جھوٹی تشہیر پر بے دردی سے اصراف بند کیاجائے
بنگلورو،25فروری(ایس او نیوز) سابق وزیراعلیٰ اور ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے کہاکہ ریاستی حکومت اپنی کارکردگی کے متعلق جھوٹی تشہیر کیلئے کروڑوں روپیوں کاا صراف کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ سدرامیا سرکاری خرچ پر اپنی ذاتی تشہیر کرنے میں لگے ہوئے ہیں ، ایک طرف اشتہاروں کے ذریعہ عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے تو دوسری طرف عوام کے ٹیکس کا پیسہ بے دردی سے ضائع کیا جارہاہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت کو مشورہ دیا کہ اشتہارات پر بے جا صرف کی جانے والی رقم عوامی فلاح کے استعمال میں لائی جائے۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر الزام لگایا کہ ریاست کے کسی بھی حصہ کی ترقی کی طرف توجہ دینے میں اپنی ناکامیوں پر پردہ پوشی کیلئے حکومت کوشش کررہی ہے کہ اشتہارات کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرے اور اس سے آنے والے انتخابات میں سیاسی فائدہ اٹھاسکے۔