ردریش قتل معاملہ میں روشن بیگ پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش ،شوبھا کے خلاف عدالتی نوٹس جاری
بنگلورو۔16؍جنوری(ایس او نیوز) شیواجی نگر میں آر ایس ایس کارکن ردریش کے قتل کے سلسلے میں ریاستی وزیر شہری ترقیات جناب آر روشن بیگ پر بی جے پی رکن پارلیمان شوبھا کارند لاجے کی طرف سے لگائے گئے الزامات پر درج ہتک عزت مقدمہ کی سماعت آج شہر کی عدالت میں ہوئی ، عدالت نے اس معاملے کی شنوائی کرتے ہوئے شوبھا کارند لاجے کے نام نوٹس جاری کیا۔ شوبھا کارند لاجے نے یہ الزام لگایاتھاکہ ردریش قتل معاملے میں روشن بیگ راست طور پر ملوث ہیں ، ان کے بے بنیاد الزام کی تردید کرتے ہوئے جناب روشن بیگ نے شوبھا کے خلاف عدالت میں ہتک عزت مقدمہ دائر کیا۔ اس معاملے میں پہلے ہی عدالت نے شوبھا کو کسی بھی طرح کی بیان بازی کرنے سے روک دیا ہے۔ اس کے باوجود بھی حال ہی میں ایک ٹی وی چینل کو دئے گئے انٹرویو میں شوبھا نے جناب روشن بیگ پر اپنے الزامات دہرائے جس کے سبب انہیں آج یہ نوٹس شہر کی 62ویں سیشن عدالت نے جاری کی۔ جناب روشن بیگ کی طرف سے سینئر وکیل شنکرپا نے پیروی کی ۔