راج ناتھ سنگھ کاملائم پریم،کانگریس،ایس پی اتحادپرطنز
بہرائچ 25 فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اتر پردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو پر الزام لگایا کہ انہوں نے کانگریس کے ساتھ انتخابی اتحاد کر اپنے باپ کے خوابوں کوچور چورکر دیا ہے۔راج ناتھ نے یہاں ایک انتخابی جلسہ عام میں کہاکہ اکھلیش یادونے کانگریس کے ساتھ الیکشن سے قبل اتحاد کر اپنے باپ کے خوابوں کو توڑا ہے۔ اسی کانگریس کے خلاف ان کے والد ملائم پوری زندگی لڑائی لڑتے آئے۔ کانگریس نائب صدرراہل گاندھی کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راہل پلنگ جلسے کر رہے تھے، لیکن موقع ملتے ہی وہ سائیکل پرکودسوار ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ اب ملائم سنگھ یادونے سائیکل پنچر کر دی ہے جبکہ شیو پال سنگھ یادو نے اسی سائیکل کی چین توڑ دی ہے۔بی ایس پی کے بارے میں راج ناتھ نے کہا کہ ہاتھی کی صحت گر گئی ہے۔ ہاتھی کے کھانے چھڑی ہے لیکن اس کی صحت گر رہی ہے۔انہوں نے طنز کیا کہ ایس پی، بی ایس پی اور کانگریس نے ریاست بھر میں کیچڑ پھیلا رکھا ہے اور کیچڑ میں ہی کمل کھلتاہے۔راج ناتھ نے ہندوستان کی جانب سے کی گئی سرجیکل اسٹرائیک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لوگ بھارت سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن پاکستانی دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں۔