بجلی سے دوڑنے والے آٹو رکشا کے لئے فوری پرمٹ دیا جائے گا
بنگلورو،28؍جولائی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ بی سی تمنا نے کہا ہے کہ شہر میں پٹرول اور ڈیزل کی بجائے اگر بجلی سے چلنے والے آٹو رکشا سڑکوں پر اتارے گئے تو ان آٹو رکشاؤں کو فوری طور پر پرمٹ جاری کردیا جائے۔
آج پریس کلب میں انڈین وہیکلس ڈرائیورس یونین کی 9؍ ویں سالگرہ میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پٹرول اور ڈیزل کے آٹو کے آٹو رکشاؤں کو اجازت منسوخ کرنے کے متعلق بحث ریاستی حکومت میں مختلف مرحلوں پر جاری ہے۔ اگر اس وقت آٹو ڈرائیورس طے کرلیں کہ پٹرول ، ڈیزل یا ایل پی جی کے آٹو رکشاؤں کی بجائے اگر الیکٹرک آٹو رکشا دوڑائیں گے تو ان کے آٹو رکشاؤں کو فوراً پرمٹ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ اعداد وشمار کے مطابق 30ہز ار سے زائد الیکٹرک آٹو رکشاؤں کو حکومت کی طرف سے پرمٹ دیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مرحلہ وار شہر میں پٹرول ، ڈیزل اور ایل پی جی سے چلنے والے آٹو رکشا کی تعداد کو کم کرکے الیکٹرک آٹو رکشا کو اگر بڑھاوا دیاجائے تو فضائی آلودگی کو کافی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں میٹرو اور الیکٹرک بسوں کے استعمال کا سلسلہ بڑھتا جارہا ہے۔ بی ایم ٹی سی کی طرف سے بھی بڑی تعداد میں الیکٹرک بسوں کی خریداری کی گئی ہے۔ وزیر موصوف نے بتایاکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے سبب محکمۂ ٹرانسپورٹ کا خسارہ بڑھتا جارہاہے، اس خسارے سے نپٹنے کے لئے ضروری اقدامات میں بجلی سے چلنے والی بسوں کے استعمال کو بڑھاوا دینا بھی شامل ہے۔