لڑکیوں کی حفاظت کیلئے حکومت کی پالیسی جلد:اوما شری
بنگلورو،19؍جون(ایس اونیوز) ریاست میں لڑکیوں کی حفاظت کیلئے حکومت ایک نئی پالیسی وضع کرنے تیار ہے۔اس کا مسودہ زیر ترتیب ہے، یہ بات آج وزیر برائے بہبودئ خواتین واطفال اوما شری نے بتائی۔ ریاستی کونسل میں ڈاکٹر جئے مالا ، رام چندرا اور دیگر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت نہ صرف لڑکیوں بلکہ مجموعی طور پر بچوں کی حفاظت کیلئے ایک جامع پالیسی وضع کرنے تیار ہے۔حقو ق اطفال کی حفاظت کیلئے ریاستی حکومت کی طرف سے تمام ضروری قدم اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے چار رنگاینا میں سے میسور ، شیموگہ اور کلبرگی کیلئے ڈائرکٹرس کا تقرر حال ہی میں کیاگیا ہے۔ ایچ ایم ریونا کے سوال کے جواب میں وزیر موصوف نے یہ بتاتے ہوئے واضح کیا کہ گزشتہ ایک سال سے یہ عہدے خالی پڑے ہوئے تھے، اس کے باوجود رنگاینا کی سرگرمیوں میں کوئی فرق نہیں آیا۔ اسی بات کو لے کر وزیر موصوف اور کانگریس کے ہی ایچ ایم ریونا کے درمیان لفظی جھڑپ بھی ہوگئی۔