نابالغوں کی شادیوں پر روک لگانے سدرامیا کی ہدایت
بنگلورو۔21؍جنوری(ایس او نیوز)وزیر اعلیٰ سدرامیا نے آج افسران کو ہدایت دی کہ اگلے پانچ برسوں تک ریاست کو نابالغوں کی شادیوں سے پاک بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ودھان سودھا کے بینکویٹ ہال میں اس خصوص میں منعقدہ ریاستی سطح کی بیداری مہم کا افتتاح کرنے کے علاوہ ویب سائٹ کا اجراء کرنے کے بعد انہوں نے بتایاکہ قانون کے تحت شادی کیلئے مقرر ہ عمر میں ہی شادیاں کرنا چاہئے۔ مگر کم عمری میں ہی شادیاں کرنے سے ان کا مستقبل تاریک بن جائے گا۔ایسے میں متعلقہ محکمہ کے افسران کو چاہئے کہ وہ دیہی علاقوں میں پہنچ کر بیداری پیدا کریں یا اس خصوص میں موجود ویب سائٹ سے رجوع ہوں۔ انہوں نے بتایاکہ قومی سروے کے مطابق دس سال قبل نابالغوں کی شادیوں کی شرح 41.2 فیصد تھی جو اب 23.2 فیصد ہوگئی ہے۔پانچ برسوں میں اس لعنت کا خاتمہ ضروری ہے۔ وزیر برائے شہری ترقیات وحج آر روشن بیگ نے صدارت کی ، اس موقع پر ریاستی وزراء ایچ کے پاٹل، اوما شری ،رکن اسمبلی این اے حارث ، رکن کونسل ایچ ایم ریونا ، حقوق اطفال کمیشن کی چیرپرسن کروپا امر آلوا، وزیر اعلیٰ کے میڈیا مشیر دنیش امین مٹو ، محکمۂ پسماندہ واقلیتی طبقات کے سکریٹری محمد محسن کے علاوہ دیگر موجود تھے۔