مودی وارانسی کے لوگوں کو دیں گے ڈھائی ہزار کروڑ روپے کا تحفہ
وارانسی،11؍ نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) وزیر اعظم نریندر مودی 12 نومبر کو اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی کے لوگوں کو ڈھائی ہزار کروڑ روپے کا تحفہ دیں گے۔وزیر اعظم ہرواکے واجدپور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔اس دوران وہ 10 منصوبوں کو نافذکرنے کے ساتھ ساتھ سات نئے منصوبوں کی بنیاد بھی رکھیں گے۔بی جے پی ریاستی صدر ہنس راج وشوکرما نے بتایا کہ وزیر اعظم دو بجے ہیلی کاپٹر سے رام نگر کے ملٹی ماڈل ٹرمینل پر اتریں گے۔یہاں ملٹی ماڈل ٹرمینل کے اجراء کے بعد وہ بابت پور ایئرپورٹ جائیں گے۔یہاں سے وہ ہروا کے واجدپورگاؤں پہنچ کر ایک عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔اس دوران مودی یہاں پر کچہری بابت پور فور لین، ہروا سے گوئیٹھہا تک رنگ روڈ، 3 سیوریج پمپنگ اسٹیشن، ایم ایل ڈی چوکی گھاٹ، دناپور ایس ٹی پی سمیت کل 10 منصوبوں کی تعمیر کریں گے۔ ساتھ ہی رام نگر میں ڈرین اور ٹریٹمنٹ ورک، لہرتارا ی ایچ یو فٹ پاتھ مارگ ، رام نگر کے ڈومری میں ہیلی پیڈ تعمیراتی کام کی سنگ بنیاد رکھیں گے۔