الہ آبادکانام بدلنے پر چیلنج
لکھنؤ14؍نومبر (ایس او نیوز؍یواین آئی) الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے الہ آباد کا نام بدل کر پریاگ راج کئے جانے کے معاملے میں عوامی عرضی پر ریاستی حکومت سمیت دیگر فریقوں سے جواب مانگا ہے ۔جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس راجیش سنگھ چوہان کی بنچ نے ایک عوامی عرضی پیر کو سماعت کے لئے منظور کر لی۔عدالت میں داخل عوامی عرضی میں ریاستی حکومت کے ذریعہ ضلع الہ آباد کا نام بدل کر پریاگ راج کئے جانے کو چیلنج کیا ہے ۔ عرضی گذار نے اپنی عرضی میں عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس ضمن میں ریاستی حکومت کی جانب سے جاری نوٹس کو منسوخ کیا جائے ۔ریاستی حکومت کی جانب سے اٹارنی جنرل ونود کمار شاہی موجود تھے ۔
عدالت نے اگلی سماعت کے لئے19نومبر کی تاریخ متعین کی ہے ۔