علاحدہ ریاست کے مطالبے کو بی جے پی کی تائید حاصل: ڈی کے شیوکمار
بنگلورو،28؍جولائی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے آبی وسائل و میڈیکل ایجوکیشن ڈی کے شیوکمار نے کہا ہے کہ علاحدہ شمالی کرناٹک کے مطالبے کو بی جے پی ہوا دینے کی کوشش کررہی ہے۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ مطالبہ کبھی پورا نہیں ہوگا۔ شمالی کرناٹک کی ترقی کے لئے فنڈز کی فراہمی میں امتیاز کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امتیاز کا بہانہ بناکر بی جے پی ریاست کے دو ٹکڑے کرنے اور ریاست کے اس حصے میں اقتدار پر قابض ہونے کا خواب دیکھ رہی ہے، لیکن شمالی کرناٹک کے عوام بھی اس مطالبے کی تائید ہرگز نہیں کریں گے۔
کے پی سی سی دفتر میں انہوں نے کہاکہ پچھلی سدرامیا حکومت اور موجودہ کمار سوامی حکومت کی طرف سے کئے گئے ترقیاتی کاموں کو برداشت نہ کرتے ہوئے بی جے پی قائدین ریاست کے حالات کو بگاڑنے پر تلے ہوئے ہیں۔ کسانوں کے قرضوں کی معافی کے مطالبے پر زور دینے کے لئے بی جے پی کی طرف سے کی گئی پدیاترا پر طنز کرتے ہوئے ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ اس پدیاترا میں دیہاتوں سے آئے ہوئے کسان شامل نہیں بلکہ بی جے پی کارکن جو شہری علاقوں میں رہتے ہیں وہ کسانوں کے بھیس میں سبز شال ڈال کر جلوس میں شامل ہوگئے تھے۔انہوں نے کہاکہ کوئی بھی اپنے کھندے پر سبزشال ڈال کر کسان نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کو اگر کسانوں کی فلاح کی اتنی ہی فکر ہے تو مرکز کی مودی حکومت پر یہ دباؤ ڈالے کہ کسانوں نے قومی بینکوں سے جو قرضے حاصل کئے ہیں انہیں معاف کرائے ، ایسا کرنے کی بجائے ریاستی حکومت کو بدنام کرنا بی جے پی کو زیب نہیں دیتا۔