کرناٹک میں انتخابات سے قبل سرکاری افسران کے تبادلوں کا سلسلہ شروع
بنگلورو،20؍فروری(ایس او نیوز) کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی دونوں نے ہی کل گذشتہ مختلف اجلاس منعقد کرنے اور کئی پروگراموں کو جاری کرنے کے ذریعہ آنے والے لوک سبھا انتخابات کی تیاری شروع کر دی ہے، ریاستی حکومت بھی انتخابی کمیشن کے ضابطوں پر پورا اترنے کے مقصدسے حرکت میں آگئی ہے اور اس طرح کئی سرکاری افسروں کے تبادلوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ریاستی حکومت نے اپنے آبائی علاقوں میں خدمات انجام دینے والے افسران کے علاوہ پچھلے چار سالوں کے دوران ایک ہی مقام پر تین سال سے زیادہ کسی عہدے پر فائز رہے افسران کے تبادلہ کی کارروائی اختیار کی ہے۔واضح رہے کہ ریاستی انتخابی کمیشن نے حکومت سے کہا ہے کہ اس کارروائی کو وہ آئندہ کل یعنی چہار شنبہ تک مکمل کر لے اور فروری کی 25 تاریخ سے قبل عمل درآمد کی مکمل رپورٹ کمیشن کی خدمت میں پیش کر دی جائے۔نتیجہ کے طور پر کل اور آج دونوں ہی دن ودھان سودھا میں وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کے دفتر پر اپنی پسند کے مقامات پر تبادلوں کے خواہش مند سرکاری افسران کا ہجوم دیکھا گیا ہے۔