میٹرو میں مسافروں کی تعداد پانچ لاکھ سے متجاوز ہونے کا امکان، میٹرو کے سات سال کی تکمیل کے موقع پر مسافروں کو بہتر خدمات دینے کی تیاری
بنگلورو۔22؍اکتوبر(ایس او نیوز) شہر بنگلور میں میٹرو ریل خدمات کے سات سال کی تکمیل کے مرحلے میں بنگلور میٹرو ریل کارپوریشن نے اعلان کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں مسافروں کی سہولتوں کو اور بھی بہتر بنانے کے ساتھ میٹرو اسٹیشنوں پر ایسے انتظامات کئے جائیں گے کہ روزانہ پانچ لاکھ مسافر بہ آسانی سفر کرسکیں۔
میٹرو ریل کارپوریشن کے ایک اخباری بیان کے مطابق پچھلے ہفتے تک میٹرو ریل کا استعمال کرنے والے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوتے ہوتے روزانہ کے اعتبار سے یہ اوسط 4.1لاکھ سے متجاوز ہوگیا ہے۔ دسہرہ چھٹیوں کے سبب یہ ہجوم بڑھ کر 4.5لاکھ سے بھی آگے پہنچ گیا۔21؍ اکتوبر 2011کو بنگلور میں پہلی بار میٹرو ٹرین خدمات ایم جی روڈ اور بیپنا ہلی کے درمیان شروع ہوئی، تین بوگیوں کے ساتھ شروع ہونے والی خدمات کو چھ سال کے وقفے کے بعد چھ بوگیوں تک بڑھانے کی پہل کی گئی۔ بوگیوں میں اضافے کے سبب مسافروں کی تعداد میں بھی بھاری اضافہ دیکھا گیا ہے۔ چھ بوگیوں کی ٹرین خدمات شروع کرنے کے بعد سے ہفتہ واری بنیاد پر میٹرو ریل میں مسافروں کی تعداد کا روزانہ اوسط3.8لاکھ سے زائد رہا ہے۔ 23 جون سے 2018 سے میٹرو ریل کارپوریشن نے شہر میں چھ بوگیوں کی خدمات کا آغاز کیا تھا ، اس کے بعد سے روزانہ مسافروں کی تعداد چار لاکھ سے زیادہ ہی رہی ہے۔
میٹرور یل کارپوریشن کا کہنا ہے کہ نومبرکے آخری یا دسمبر کے پہلے ہفتے میں میٹرو ریل کا ایک اور مرحلہ عوامی استعمال کے لئے تیار ہوسکتا ہے۔ مسافروں کی تعداد میں اضافے کے سبب میٹرو کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ بنگلور میٹرو ریل کارپوریشن نے روزانہ 1600 سے 1700 اسمارٹ کارڈ فروخت ہوتے ہیں۔