اقلیت نواز بجٹ قابل ستائش: سہیل محی الدین
بنگلور:16/ مارچ (ایس او نیوز)بنگلورو سٹی ڈسٹرکٹ کانگریس کمپنی کے جنرل سکریٹری و سرگرم سماجی کارکن سہیل محی الدین نے سدارامیا کے ذریعہ پیش کردہ ریاستی بجٹ کو اقلیت نواز قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ بجٹ میں اقلیتوں کی تعلیم اور روزگار پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ ساتھ شہر بنگلورو میں مولانا آزاد بھون اور اردو ہال کی تعمیر کا اعلان کیاگیاہے۔ جو خوش آئند اقدام ہے۔ اردو ہال کی تعمیر کا خواب برسوں سے ادھورا تھا، جواب شرمندہ تعبیر ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے اقلیت نواز بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ سدارامیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ مسلم قیادت کی دوراندیشی اور اتحاد کے نتیجہ میں امسال بجٹ میں اقلیتی بہبود کیلئے دگنا فنڈ فراہم ہوا ہے، جس کیلئے مسلم قیادت قابل مبارکباد ہے۔ جناب سہیل محی الدین نے بتایا کہ بجٹ میں جن اقلیت نواز اسکیموں کا اعلان ہوا ہے، اس سے استفادہ کرنے کی ذمہ داری اقلیتوں پر عائد ہے۔ ایسے میں ین جی اوز اور اداروں کے ذمہ داران کو چاہئے کہ وہ سرکاری اسکیموں سے متعلق اقلیتوں میں بیداری پیدا کریں اور انہیں زیادہ سے زیادہ تعداد میں اسکیموں سے استفادہ کیلئے راغب کریں اور حقیقی مستحقین تک اسکیموں کو پہنچانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے ائمہ و موذنین کیلئے فراہم ہونے والے اعزازیہ میں اضافہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے بتایا کہ بنگلورو میں مناسب قیمتوں پھر نما کیانٹین کے ذریعہ ناشتہ اور کھانے کی فراہمی کی اسکیم سے متوسط اور کمزور طبقات کے علاوہ مزدوروں اور طلبہ کو کافی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سدارامیا کے ذریعہ پیش کردہ بجٹ میں سماجی انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کی کوشش ہوئی ہے۔ مجموعی طور پر اس بجٹ کو اقلیت نواز قرار دیا جاسکتا ہے۔