مودی قومی رہنماؤں کو سیاسی فائدے کے لئے استعمال نہ کریں:ملیکارجن کھرگے
بنگلورو،22؍اکتوبر(ایس اونیوز) لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملیکارجن کھرگے نے کہاہے کہ جیسے جیسے انتخابات قریب آرہے ہیں وزیر اعظم مودی سردار ولبھ بھائی پٹیل ، سبھاش چندر بوس اور دیگر قائدین کا نام لے کر ملک کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مودی کا یہ الزام غلط ہے کہ کانگریس پارٹی نے جہد آزادی میں سبھاش چندر بوس اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کو خاطر میں نہیں لایا۔ کھرگے نے مودی سے سوال کیا کہ وہ بتائیں کہ کس آر ایس ایس لیڈر نے خود کو تحریک آزادی سے وابستہ رکھا اور ان قائدین کے شانہ بہ شانہ جہد آزادی سے جڑا رہا۔ انہوں نے کہاکہ 13سال بحیثیت وزیراعلیٰ گجرات اور پونے پانچ سال بحیثیت وزیر اعظم خدمات انجام دیتے ہوئے مودی کو کبھی مجاہدین آزادی کی یاد نہیں آئی ، اب محض انتخابات کو مدنظر رکھ کر وہ سرکردہ مجاہدین آزادی کے ناموں کا سیاسی استحصال کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔
کھرگے نے کہاکہ آج بھی آر ایس ایس کے دفاتر میں سردار پٹیل یا سبھاش چندر بوس کی تصاویر نہ دارد ہیں ، وہاں صرف گاندھی جی کے قاتل گوڈسے کی تصاویر آویزاں ملیں گی۔ انہوں نے وزیراعظم سے کہاکہ ملک کے لئے اپنی جان قربان کرنے والے قائدین کا احترام کرنا سیکھیں ان کا سیاسی استحصال کرنے سے انہیں سیاسی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔