مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات: 200 سے زیادہ سیٹوں پر انتخاب لڑے گی این سی پی، منشو رجاری
بھوپال13 اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے مدھیہ پردیش میں 28 نومبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹی کا منشور جاری کیا ہے۔ ساتھ ہی کہا کہ ان کی پارٹی ریاست میں کل 230 سیٹوں میں سے 200 سے زیادہ سیٹوں پر اپنے امیدوار انتخابی میدان میں اتارے گی۔ این سی پی کے سینئر لیڈر اور مہاراشٹر کے ایم ایل سی رکن راجندر جین اور گجرات کے پارٹی کے ترجمان نکول سنگھ نے جمعہ کو اسمبلی انتخابات کے لیے این سی پی کا منشور جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کی مبینہ بدانتظامی کو اکھاڑنے کے لیے این سی پی یکساں فکر جماعتوں کے ساتھ اتحاد کی کوشش کر رہی ہے۔سنگھ نے دعوی کیا کہ ریاست میں بی جے پی کے گزشتہ 15 سال کے دور حکومت میں معاشرے کا ہر طبقہ پریشان ہے۔انتخابی منشور میں ریاست میں نوجوانوں کے لیے ’’کیریئر ایکیوبیشن سینٹر کا قیام ،تعلیم کے شعبہ میں عارضی تقرریوں کو ختم کرنے، خواتین کا تحفظ یقینی بنانے اور پٹرول۔ڈیزل کو جی ایس ٹی کے دائرے میں لانے کا وعدہ کیا گیا ہے ۔ نکول سنگھ نے بتایا کہ ریاست میں این سی پی 200 سے زیادہ سیٹوں پر انتخاب لڑے گی۔ سنگھ نے کہا کہ این سی پی ریاست میں کسانوں کو بجلی، پانی مفت کے ساتھ ان کی قرض معافی، ریاست کے تعلیم کے شعبہ میں میں قابل ذکر بہتری، خواتین کے خلاف جرائم میں کمی کے ساتھ ان کے تحفظ کو بہتر بنانے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے معاملے کے ساتھ انتخابی میدان میں اترنے جا رہی ہے۔