بی بی ایم پی کمشنر کی طرف سے بجٹ کے حجم کو کم کرنے کا مطالبہ
بنگلورو،4؍مارچ(ایس او نیوز) بی بی ایم پی کے کارپوریٹروں اور کونسل کے لئے ایک حیرت انگیز اقدام میں کونسل کی طرف سے سال 2019-20 کے لئے کل 21,958 کروڑ روپئے کے بی بی ایم پی بجٹ کو منظور کئے جانے کے ایک ہفتہ بعد کمشنر این منجو ناتھ پرساد نے محکمہ برائے شہری ترقیات کو ایک مکتوب روانہ کر تے ہوئے یہ مطالبہ کیا ہے کہ اس بجٹ کو کم کر کے 9,000 کروڑ روپئے کر دیا جائے۔ذرائع کے مطابق کمشنر نے یہ مکتوب بلدی ادارہ کو حاصل ذرائع آمدنی کے حقیقی وسائل کو ذہن میں رکھتے ہوئے تحریر کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’عموماً بی بی ایم پی حکام مختلف ترقیاتی کاموں کو صرف کاموں کے کوڈ کو ظاہر کر تے ہوئے اختیار کر لیتے ہیں حالانکہ ان کاموں کے لئے خزانہ میں رقم موجود نہیں ہوتی جو آگے چل کر کاموں کے کوڈ سے متعلق مسائل کو پیدا کر تا ہے، کمشنر نہیں چاہتے کہ اس طرح کی صورت حال دوبارہ پیدا ہو‘‘۔ذرائع کے مطابق کمشنر نے شہری ترقیات کے پرنسپل سکریٹری کو اس بات سے واقف کرایا ہے کہ ہر گزرتے سال کے ساتھ ٹھیکہ داروں کی ادائگی کے لئے بلدیہ پر دباؤ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، اس مسئلہ کو قابو میں رکھنے کے لئے بجٹ کے حجم کو کم کیا جا رہا ہے۔