کے پی سی سی صدر کا فیصلہ کانگریس اعلیٰ کمان کرے گی: کھرگے
بنگلورو:18/مئی(ایس او نیوز) کانگریس پارلیمانی پارٹی لیڈر ملیکارجن کھرگے نے کہاکہ کے پی سی سی کے اگلے صدر کے تقرر کے متعلق فیصلہ کانگریس اعلیٰ کمان کی طرف سے کیاجائے گا۔مناسب وقت پر اس فیصلے کاا علان متوقع ہے۔ آج شہر میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کے پی سی سی صدر کے تقرر کے متعلق ہر جگہ بحث ومباحثہ ضروری نہیں ہے۔اس سلسلے میں فیصلے کا اختیار صرف کانگریس اعلیٰ کمان کو ہے۔ اسی لئے یہ فیصلہ اعلیٰ کمان پر ہی چھوڑ دیاجائے۔آنے والے انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کیلئے جدوجہد کرنے اور اس میں کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت کی بنیاد پر پارٹی کے پی سی سی صدر کا انتخاب کرے گی، اسی لئے ہر کسی کو اعلیٰ کمان کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے۔